فلسطین کے معاملے پر پورا پاکستان متحد ہے، پاکستانی سابق وزیر خارجہ
شیعہ نیوز:کراچی میں بلاول ہاؤس کے باہر سانحہ کارساز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ دنیا بھر میں صرف پاکستان کا ہی نہیں بلکہ فلسطین کے بھی نمائندہ ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ فلسطین کے لوگوں نے مشکل وقت میں ہماری مدد کی، ہم ہر مشکل میں اُن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم کسی صورت آپ کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر پورا پاکستان متحد ہے، اس کے علاوہ ہمارے اندر تقسیم ہے، جب تک ہمارے اندر قومی اتحاد قائم نہیں ہوگا اور نفرت تقسیم و گالی کی سیاست نہیں چھوڑیں گے تو ملکی مسائل حل نہیں ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان آج بہت سے مسائل سے گزر رہا ہے جبکہ سلیکشن کی سیاست نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے، ان سب سے آگے بڑھ کر ہمیں پارلیمنٹ، جمہوریت اور سیاست کو جگہ دینا ہوگی۔ پارلیمنٹ میں سب کی رائے سننے کے بعد مسئلے کا حل نکالا جاتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت، آئین اور الیکشن کو ایک شخص کی واپسی کیلئے روکا گیا، آج کے بعد ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں۔