پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

شیعہ علما کونسل کی ملک بھر میں حمایت فلسطین ریلیاں

شیعہ نیوز:سربراہ شیعہ علما کونسل کی اپیل پر ایس یو سی کا جمعة المبارک کو ملک بھر میں یوم اظہار یکجہتی فلسطین منایا گیا، تین روزہ سوگ کی حمایت کے آخری دن ملک بھر میں بعد از نماز جمعہ احتجاجی ریلیا ں نکالی گئیں۔قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پرشیعہ علماکونسل پاکستان کے زیراہتمام راولپنڈی، اسلام آبا د سمیت ملک بھر میں پرامن احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جن پر فلسطینی مظلوموں کے حق اور سامراجی و صہیونیت کی مذمت کے بینرز اٹھارکھے تھے ۔ قبل ازیں ائمہ جمعہ نے خطبات جمعہ میں مسئلہ فلسطین و غزہ کے مظلوموں کیلئے آواز بلند کی گئی مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں ۔ دوسری جانب قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مختلف سیاسی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ فلسطین امت مسلمہ کا مشترکہ معاملہ ہے، او آئی سی کی طرف سے جنگ بندی سمیت دیگر مطالبات کئے گئے ہیں البتہ عملی اقدامات کئے جانے ضروری ہیں، پاکستان کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے موقف پہلے روز سے واضح اور دوٹوک رہاہے ، اب بھی ریاست پاکستان کیساتھ تمام سیاسی جماعتوں، تنظیموں اور گروپس کو متفقہ و مناسب حکمت عملی کا اعلان کرنا چاہیے تاکہ مظلوم فلسطینی عوام کیساتھ اخلاقی، سیاسی و سفارتی محاذ کیساتھ عملی طور پر بھی اظہار یکجہتی ہوسکے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر اسرائیلی درندگی اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے کئے گئے ا پرامن احتجاج میں قراردادیں پیش کی گئیں جن میں کہا گیاکہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کا یہ احتجاجی اجتماع غاصب اسرائیل کی وحشت و سفاکیت اور مظلوم اور نہتے فلسطینی مسلمان بھائیوں پر مظالم’ قتل عام’ نسل کشی اور مہلک ہتھیاروں کے ساتھ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت ا…العظمی سید علی خامنہ ای کی بابصیرت رہنمائی’ عالمی سامراج کو متنبہ و خبردار کرنے اور  علامہ سید ساجد علی نقوی کی مدبرانہ قیادت میں ان دلسوز اورافسوسناک مظالم پر صدائے احتجاج بلند کرنے کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے ہر فورم پر اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے عالمی امن و انصاف کے ضامن اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیل کو ان مظالم سے باز رکھا جائے۔یہ احتجاجی اجتماع مشکل کی اس گھڑی میں مظلوم فلسطینی مسلمانوں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ اسرائیل کے ظالمانہ رویہ اور غیر انسانی اقدامات پرمسلسل صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے اور صہیونی و سامراجی قوتوں کے بدنما چہرے اور عزائم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔احتجاجی اجتماع کے شرکاء غزہ کی تازہ صورت حال اور وہاں کے بڑے ہسپتال میں ہونے والے بدترین حملے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انسانیت کے ایسے قتل عام جس میں مساجد’ ہسپتال’ پناہ گزین کیمپ’ تعلیمی اداروں اور امدادی ٹیموں تک کے غیر محفوظ ہونے پر عالمی انسانی حقوق کی علمبردار اقوام متحدہ سمیت عرب لیگ اور او آئی سی کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہیں اور اسرائیلی جارحیت کو فی الفور رکوانے’ جنگ بندی اور شہریوں کو پانی’ خوراک و ادویات و علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور پائیدار امن کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔شیعہ علماء کونسل پاکستان کے پرامن احتجاجی مظاہرین بجا طور پر یہ محسوس کرتے ہیں کہ نہتے فلسطینیوں کے حالیہ قتل عام کی نظیر دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی’ ستم بالائے ستم غاصب او ر قاتل اسرائیل کی پشت پناہ سامراجی قوتیں اپنی فوجوں کو بھجواکر صورت حال کو اور زیادہ کشیدہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں جو جلتی پر تیل کے مترادف ہے اس سنگین صورتحال میں 40 ملکوں کی افواج’ عرب لیگ اور او آئی سی کو بھی چپ کا روزہ توڑنا ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button