فلسطین و کشمیر استعمار و سامراجی ظلم، انسانی المیے کا ثبوت، امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، ساجد نقوی
شیعہ نیوز:علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں مسئلہ فلسطین اور جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر استعمار و سامراج کے چھوٹے بڑے مسائل جو نہ صرف انسانی المیے بلکہ عالمی امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ، آج غزہ میں جس طرح نسل کشی کی جا رہی ہے، صہیونیت کو جو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے اسے نہ روکا گیا تو کل کشمیر میں ہندوتو ا بھی ایسی غارت غری کا لائسنس تھما سکتا ہے۔ نام نہاد عالمی میڈیا کا گھناﺅنا کردار کھل کر سامنے آ گیا، وہ مظلوموں کی آواز بننے کی بجائے ایک سفاک قاتل کی آواز بن چکا ہے، عرب لیگ آگے بڑھ کر اور او آئی سی سامنے آکر کر دار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج کے قبضے کی مناسبت سے یوم سیاہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین استعمار و سامراج کے جان بوجھ کر چھوڑے گئے مسائل ہیں جو ان کے مذموم مقاصد کی تکمیل اور دائمی بدامنی کیساتھ انسانیت کی بربادی کے منصوبوں کا ثبوت ہیں مگر دونوں خطوں کے عوام داد تحسین کے مستحق کہ وہ تمام قید و بند کی صعوبتوں کیساتھ مظالم کے پہاڑوں کے باوجود ثابت قدم ہیں۔ آج جس طرح نام نہاد دفاع کے نام پر سامراج نے نہ صرف صہیونیت کو نسل کشی کا حق دیدیا بلکہ خود ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ کر سٹیرنگ سنبھال چکا اور سامراجی پرنٹ، الیکٹرانک، سوشل میڈیا غلام کا کردار ادا کرتے ہوئے واویلا مچا رہا ہے انسانیت کے قتل عام کا یہی لائسنس کل ہندوتوا کو بھی سامراج تھما سکتا ہے سب سے قابل توجہ بات یہ کہ ظلم و جبر کی تاریک رات کے باوجود فلسطینی عوام اپنی سرزمین پر استقامت کیساتھ نہ صرف کھڑے بلکہ آزادی و قربانی کے ترانوں کیساتھ جذبوں کو جواں رکھے ہوئے ہیں۔