غزہ کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور ہمیشہ میدان میں حاضر رہیں گے، حزب اللہ
شیعہ نیوز:حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے غزہ پر غاصب صیہونی رژیم کی بربریت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، فرانس، برطانیہ اور جرمنی کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے میں غاصب رژیم کے مجرمانہ اقدامات کی بھرپور حمایت تمام حدیں پار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا: "عرب حکمرانوں کو جان لینا چاہئے کہ اسلامی مزاحمت استقامت کے ساتھ طاقتور پوزیشن میں ہے اور انشاءاللہ فاتح ہے۔ وقت اس بات کو سچ ثابت کر دے گا۔ اسی طرح عرب حکمران جان لیں کہ اسرائیل انہیں اور ان کی قوموں کو بھی نابود کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔” شیخ نعیم قاسم نے عرب حکمرانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے "نیل سے فرات تک” تمام سرزمینوں پر قبضہ کرنے کا نعرہ لگا رکھا ہے۔ لہذا انہیں چاہئے کہ آپس میں متحد ہو کر غاصب صیہونی رژیم کے خلاف دو ٹوک موقف اپنائیں اور موثر اقدامات انجام دیں اور یوں اپنی عوام کا راستہ کھول دیں۔
ڈپٹی سیکرٹری حزب اللہ لبنان شیخ نعیم قاسم نے عرب حکمرانوں کو مخاطب قرار دیتے ہوئے کہا: "فلسطینی عوام آج امت مسلمہ اور آئندہ نسلوں کی سربلندی کا تاوان ادا کر رہی ہے لہذا ان کا ساتھ دیں اور یہ درحقیقت اپنی اقوام کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ کامیابی صرف خداوند متعال کے ہاتھ میں ہے۔” دوسری طرف حزب اللہ لبنان کی مرکزی شورا کے رکن شیخ نبیل قاووق نے بھی طوفان الاقصی فوجی آپریشن کو زلزلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے خطے کی مساواتوں کو تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی ہمہ جہت حمایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم اپنی حفاظت خود نہیں کر سکتی اور سب اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ اس وقت امریکی فوجی افسران غزہ کے خلاف جنگ چلا رہے ہیں۔ شیخ نبیل قاووق نے کہا: "حالیہ جنگ کے اہم ترین نتائج میں سے ایک غاصب صیہونی رژیم سے دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی مہم کا خاتمہ ہے۔ فلسطینی قوم صیہونی رژیم سے سازباز کرنے والوں سے حمایت کی توقع نہیں رکھتی لیکن ان سے مطالبہ کرتی ہے کہ کم از کم فلسطینی قوم کے خلاف شرارتیں کرنا بند کر دیں۔”