کرم میں متحارب قبائل کے مابین 9 روز سے جاری جھڑپوں کے بعد فائر بندی ہوگئی
شیعہ نیوز: ضلع کرم میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی اور سرکاری کانوائے میں اشیائے خورد و نوش سے لدھی گاڑیوں کا قافلہ پاراچنار پہنچا دیا گیا ہے۔ ضلع کرم میں متحارب قبائل کے مابین نو روز سے جاری جھڑپوں کے بعد فائر بندی ہوگئی ہے اور مختلف علاقوں میں قبائل فائر بندی پر کاربند ہیں جبکہ ضلع کرم میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی آج بحال کر دی گئی اور سرکاری کانوائے میں اشیائے خورد و نوش کی گاڑیاں پاراچنار پہنچائی گئیں۔ دوسری جانب ضلع کرم میں مکمل طور پر آمد و رفت کے راستے کھولنے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے ضلعی انتظامیہ اور فورسز کی جانب سے جرگہ ممبران کے ذریعے فریقین کے عمائدین سے مذاکرات کا عمل جاری ہے۔
قبائل کے مابین جھڑپوں کے باعث ضلع بھر میں آمد و رفت کے راستے اور تعلیمی ادارے بند ہیں، نو روزہ جھڑپوں میں فریقین کے پچپن افراد جاں بحق ایک سو پانچ زخمی ہوگئے تھے۔ سابق وفاقی وزیر ساجد طوری نے فوری طور پر آمد و رفت کے راستے عام ٹریفک کیلئے کھولنے اور حالات معمول پر لانے میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے افراد سے کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔