غاصب صیہونی فوج کے ہاتھوں 32 دن میں 4237 فلسطینی بچے شہید
شیعہ نیوز: غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیلی فوج نے غزہ کو معصوم بچوں کا قبرستان بنا دیا۔ غزہ میں ہر روز 134 بچے اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں، 32 روز میں 4 ہزار 237 بچے شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطینی علاقے غزہ پر اسرائیلی بمباری نے علاقہ کھنڈر بنا دیا، اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 3 سو سے تجاوز کر گئی۔ اسرائیلی فوج نے نصر میڈیکل کمپلیکس پر حملہ کیا جبکہ القدس اور کمال عدوان اسپتال کے نزدیک فضائی حملے کیے، الشاطئی کیمپ میں 2 گھروں پر بم گرائے۔ بچوں کے الرنتیسی اسپتال کو خالی کرنے کی دھمکی دے دی، اسپتال میں 70 بچے زیر علاج، 1000 بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔
لائیو کوریج کے دوران اسرائیلی میزائل قطری ٹی وی کے بیورو چیف اور رپورٹرز کے نزدیک گرا، تاہم صحافی بچ گئے۔ اقوام متحدہ کے 97 شیلٹر ہومز میں غزہ کے 3 لاکھ سے زیادہ بے گھر شہری موجود، 6 سو افراد ایک بیت الخلا استعمال کرنے پر مجبور ہیں، صفائی ستھرائی کی بدترین صورتحال سے بیماریاں پھیلنے لگیں۔ متحدہ عرب امارات کا غزہ میں 150 بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا اعلان، ترکیہ کی پارلیمنٹ نے اپنے مینیو سے مغربی کمپنیوں کی اشیاء نکال دیں۔