غزہ میں جنگ بندی کے بارے امریکہ کیجانب سے متعدد بار پیغامات موصول ہوئے ہیں، ایران
شیعہ نیوز: ایک ایرانی حکومتی عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے کے دوران ہمیں غزہ میں جنگبندی کے حوالے سے امریکیوں کی جانب سے ایک سے زیادہ پیغامات موصول ہوئے ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی تک امریکہ کا کوئی عملی قدم سامنے نہیں آیا! الجزیرہ مباشر کے ساتھ بات چیت میں اپنا نام ظاہر کئے بغیر اس ایرانی حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگبندی کے حوالے سے واشنگٹن کے وعدے عملی طور پر کبھی پورے نہیں ہوئے اور یہی مسئلہ امریکہ کی عدم سنجیدگی کا ثبوت ہے۔ ایرانی حکومتی عہدیدار نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے قیام میں امریکہ کی ناکامی کے خطے کے استحکام کے لئے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے!
ایرانی اہلکار نے مزید کہا کہ ہم غزہ کی پٹی میں جنگبندی کے حصول کے لئے قطری حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ اپنی گفتگو کے آخر میں ایرانی عہدیدار نے غزہ میں عام شہریوں کے خلاف غاصب و سفاک صیہونی رژیم کے سنگین جنگی جرائم کو روکنے کے لئے تمام اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر ایک گروہی اقدام کرنے کے لئے جاری تہران کی تیاریوں کا اعلان کیا اور متعدد بحری جہازوں کی ترسیل پر مبنی امریکہ کے حالیہ اشتعال انگیز اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ امریکہ کی جانب سے ارسال کردہ تمام سازوسامان و فوجی؛ تیزی کے ساتھ قریب آتے تاریخی لمحے میں کوئی رکاوٹ نہیں بن پائیں گے!