خانہ فرہنگ ایران کراچی میں محفل مشاعرہ بنام شہداء و مجاہدین فلسطین کا انعقاد
شیعہ نیوز: خانہ فرہنگ ایران کراچی میں فلسطینی مجاہدین اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک شاندار محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس مشاعرے میں شریک تمام شعراء نے فلسطینی مجاہدین کو منظوم خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ تمام شعراء نے فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں غاصب اسرائیلی حکومت اور اس کے ہمنوا مغربی ممالک کے انسانیت سوز مظالم کے خلاف صدای احتجاج بلند کیا اور ان مظالم پر بعض اسلامی ممالک کی مصلحت پر مبنی خاموشی کی شدید مذمت کی۔ محفل مشاعرہ کے دوران خانہ فرہنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے خطاب میں مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف پاکستان میں اٹھنے والی عوامی صدائے احتجاج کی بھرپور تعریف کی۔
ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے کہا کہ حماس کے الاقصیٰ آپریشن نے آزادی قدس کی تحریک میں ایک تازہ روح پھونک دی اور فلسطین کے حق میں دنیا کے تمام مسلمانوں اور حریت پسند انسانوں کو ہم آواز بنا دیا۔ محفل مشاعرہ کے اہم شعراء میں شاداب احسانی، سلیم فوز، کشور عدیل جعفری، ارتضیٰ جونپوری، عثمان جامی، ڈاکٹر فائزا زہرا میرزا، ڈاکٹر جاوید منظر، ضیا زیدی، سندھو پیرزادہ و دیگر شامل تھے۔ محفل مشاعرہ میں نظامت کے فرائض معروف انقلابی شاعرہ معصومہ شیرازی نے انجام دیئے۔ مشاعرے کے آخر میں شرکاء نے فلسطینی مجاہدین اور تحریک آزادی فلسطین کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔