اہم پاکستانی خبریں
عمران خان پر لگی دفعات میں سزا عمر قید، سزائے موت ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ
شیعہ نیوز: سائفر کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ جرم پر اکسانے، جرم کی سازش یا معاونت کرنے والے کو مرکزی جرم کرنے کی طرح ہی دیکھا جائے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر لگی دفعات میں سزا عمرقید، سزائے موت ہے، شاہ محمود قریشی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جائے گا۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بلا شبہ ضمانت سزا روکنا نہیں، عمرقید اور سزائے موت کے ملزمان کو عدالتیں ضمانت دینے میں احتیاط سے کام لیتی ہیں جب کہ اس قسم کے کیسز میں جب تک معقول وجہ موجود نہ ہو ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت ضمانت مسترد کر کے ہدایت کرتی ہے کہ ٹرائل 4 ہفتے میں مکمل کیا جائے۔