
پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں
انجمن امامیہ بلتستان کا اجلاس، علامہ سید باقر کیخلاف پروپیگنڈے کی مذمّت
شیعہ نیوز: انجمن امامیہ بلتستان کا ایک اہم اجلاس نائب صدر انجمن امامیہ بلتستان شیخ زاہد حسین زاہدی کی زیر صدارت سکردو میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پر مرکز اور صدر انجمن امامیہ بلتستان آغا باقر الحسینی کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈوں کو اہل بلتستان کے اتحاد، اتفاق اور پھیالونگ پراجیکٹ اور حالیہ گندم سبسڈی کے خلاف مذموم سازش قرار دیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ جب سے آغا صاحب نے پھیالونگ پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا اس دن اہل بلتستان مکاتب و مذاہب اور زبانوں سے بالاتر ہو کر ایک تسبیح کے دانے کی طرح متحد و متفق تھے، اس کے بعد متنازعہ ترمیمی بل کے خلاف اور گستاخ امام زمانہ کے خلاف جو تاریخی مظاہرے ہوئے جس میں اہل بلتستان کے اتحاد و وحدت کا مظاہرہ مقتدر حلقوں اور دشمنوں کو کھٹک رہا تھا، لہٰذا وہ مسلسل مرکز اور پھیالونگ پراجیکٹ کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔
ان شاءاللہ اہل بلتستان نے پہلے بھی ان سازشوں کو ناکام کیا ہے آئندہ بھی پہلے سے زیادہ وحدت کے ساتھ صدر انجمن آغا باقر الحسینی کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے پھیالونگ پراجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، لہٰذا مومنین اور متدین اہل بلتستان سے گزارش ہے کہ سوشل میڈیا کے پروپیگنڈے کو سنے بغیر جو اتحاد و اتفاق کی فضا بنی ہے اس کو برقرار رکھیں اور پہلے سے زیادہ مضبوط کریں۔ پھیالونگ پراجیکٹ جو کہ ایک عوامی مفاد کا اہم منصوبہ ہے، اس میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں اور اس میگا پراجیکٹ کو کامیاب کریں۔ آغا باقر الحسینی جو کہ صدر انجمن امامیہ ہیں انکے ہاتھوں کو مزید مضبوط کریں اور انکے شانہ بشانہ کھڑے رہیں۔