ایران مخالف یورپی قرارداد کی تہران کیجانب سے شدید مذمت
شیعہ نیوز: یورپی پارلیمنٹ نے ایران میں انسانی حقوق کی مبینہ صورتحال کے حوالے سے جمعرات کے روز ایک ایران مخالف قرارداد منظور کی ہے جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ اس حوالے سے اپنی گفتگو میں ناصر کنعانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے حوالے سے یورپی پارلیمنٹ کی حالیہ قرارداد میں شامل شقوں کو اسلامی جمہوریہ ایران کی نسبت بعض یورپی دھاروں کی ”تخریبکارانہ روش” کا نتیجہ قرار دیا اور اس قرارداد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی اندرونی معاملات میں مداخلت پر مبنی یورپی پارلیمنٹ کی یہ قرارداد، عالمی استکبار کے خلاف جاری اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقتور جدوجہد کے سامنے بعض یورپی فریقوں کی شدید الجھن کو ظاہر کرتی ہے! انہوں نے کہا کہ خفیہ و کھلم کھلا طور پر دہشتگرد گروہوں کے ساتھ جا ملنا؛ ایرانی قوم کے خلاف گذشتہ 4 دہائیوں کے دوران انجام پانے والے بدنیتی پر مبنی لاتعداد گھناؤنے یورپی اقدامات کی طویل فہرست کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے جبکہ یورپی ممالک کے نمائشی اقدامات اور انسانی ہمدردی کے جھوٹے دعوے؛ مجرموں اور ایرانی قوم کے سفاک قاتلوں کی کھلی حمایت پر مبنی ان ممالک کے سیاہ ریکارڈ کو کبھی مٹا نہیں پائیں گے۔!
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کی کہ اسی اثناء میں یورپی ممالک سمیت دنیا بھر کی رائے عامہ، غزہ میں جاری نسل پرست و بچوں کی قاتل اسرائیلی رژیم کے انسانیت سوز و ظالمانہ ترین جرائم کے تسلسل پر غمزدہ، خائف اور شدید غم و غصے میں مبتلاء ہے۔ ناصر کنعانی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کی عالمی رائے عامہ غزہ کے بے دفاع و مظلوم عوام کے خلاف جاری وسیع نسل کشی اور کھلے جنگی جرائم کو رکوانے کے لئے اس (یورپی) براعظم کے تمام شہروں کی گلیوں کوچوں میں اپنی اپنی حکومتوں کو بآواز بلند پکار رہی ہے تاہم بدقسمتی سے جمہوریت و انسانی حقوق کی اقدار کا نام نہاد پتلا ہونے کا دعوی کرنے والی یورپی پارلیمنٹ نے ان بے گناہ فلسطینی شہریوں کے خلاف اجتماعی سزا کے منفرد ترین و سفاکانہ ترین صہیونی اقدامات اور دسیوں ہزار عام شہریوں کے گھناؤنے قتل عام پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں جن میں 70 فیصد سے زائد افراد خواتین و کمسن بچے ہیں۔۔ البتہ یہ دوہری روش آزاد مفکرین سمیت دنیا کے بیدار ضمیروں کی نظروں و قضاوت سے یقینا پوشیدہ نہیں!! اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں ناصر کنعانی نے ایران کے خلاف ایسی بے فائدہ قراردادوں کے بانیوں و منتظمین کو نصیحت کی کہ وہ ایرانی حکومت و عوام کے تئیں جاری اپنی سابقہ غلط و ناکام پالیسیوں کو درست کرتے ہوئے باہمی احترام و مفادات پر مبنی تعمیری تعامل و باہمی تعاون کی پالیسی اختیار کریں!۔