دہشتگرد صیہونی ریاست انسانیت کے نام پر دھبہ ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ غزہ کے بہادر مسلمان امت مسلمہ کے عزت و وقار کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اسرائیل کے مظالم تاریخ انسانی میں سیاہ باب کا اضافہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ المصطفیٰ خاتم النبیین جیکب آباد میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر 100 مستحق غریب بچوں میں سوئٹر اور کپڑے تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سماجی رہنماء حاجی شیر محمد مغیری تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین میں جنگ بندی کے بعد اسرائیلی مظالم مزید کھل کر دنیا کے سامنے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد صیہونی ریاست انسانیت کے نام پر دھبہ ہے۔ اسرائیلی ریاست کے مظالم تاریخ انسانی میں سیاہ باب کا اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نے صبر و استقامت سے مظالم کو برداشت کیا، مگر ظالم دشمن کے آگے جھکے نہیں غزہ کے مظلوم عوام اس عظیم امتحان میں سرخرو ہوئے۔ غزہ کے بہادر مسلمان امت مسلمہ کے عزت و وقار کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے سید احسان علی شاہ بخاری سید مظہر علی شاہ نقوی مولانا ارشاد علی سولنگی محسن خان ٹالانی مولانا منور حسین سولنگی وحدت یوتھ ونگ کے رہنما اللہ بخش میرالی آئی ایس او جیکب آباد کے صدر عارف حسین و دیگر نے خطاب کیا۔