فلسطینی حمایت میں تصاویر پوسٹ کرنے کے بعد’سی آئی اے‘ کی وارننگ
شیعہ نیوز: امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) نے اپنے ملازمین کو سوشل میڈیا پر سیاسی پیغامات پوسٹ کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی حمایت میں کسی قسم کی پوسٹ یا تصاویر شائع کرنے سے گریز کریں۔
یہ انتباہ ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب دوسری طرف حال ہی میں امریکی ’سی آئی اے‘ کی ایک خاتون اہلکار کی فیس بک آئی ڈی سامنے آئی تھی جس نے اس پر فلسطینی پرچم اور فلسطینیوں کی حمایت میں مواد شائع کیا تھا۔
این بی سی نیوز نے کہا کہ امریکی انٹیلی جنس ایجنسی نے اپنے تمام ملازمین کو ای میل کے ذریعے اندرونی پیغام بھیجا، جس میں انہیں سوشل میڈیا پر سیاسی پیغامات پوسٹ کرنے سے خبردار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ بیت المقدس میں فدائی حملے میں 3 آباد کار ہلاک، 6 زخمی
نیٹ ورک نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے کہا کہ ملازمین کی ای میل ’’موجودہ پالیسی کی صرف ایک یاد دہانی تھی۔‘‘
فنانشل ٹائمز اخبار نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کے ایک سینیر اہلکار نے اپنے فیس بک پیج پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں فلسطین کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ یہ قدم جنگ کے حوالے سے ایک سینیر انٹیلی جنس اہلکار کے سیاسی موقف کا نادر اظہار ہے، جس پر صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی صفوں میں اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔