صیہونی جنگی قیدیوں کی آزادی کے لئے تل ابیب میں مظاہرے
شیعہ نیوز: میڈیا ذرائع نے اتوار کی رات تل ابیب میں ہزاروں صیہونیوں کے مظاہروں کی رپورٹ دی ہے۔
فلسطین کی سما نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلیوں نے اتوار کی رات نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ کرکے صیہونی جنگی قیدیوں کو فوری طور پر آزاد کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ایسا ہی مظاہرہ مقبوضہ فلسطین کے شہر حیفا میں بھی کیا گیا جس میں شریک اسرائیلیوں نے نتن یاہو کی کابینہ کے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : بزدل اسرائیل اپنی شکست کی خفت مٹانے کے لیے نہتے عوام کا قتل عام کر رہا ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
مظاہرین نے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ’’خونی حکومت استعفی دے‘‘ کا نعرہ لکھا ہوا تھا۔
حیفا میں بھی مظاہرین نے اسرائیلی جنگی قیدیوں کو فوری طور پر آزاد کرانے کا مطالبہ کیا ۔
اس سے پہلے صیہونی روزنامے ہا آرتص نے صیہونی جنگی قیدوں کی حالت کے بارے میں ایک رپورٹ میں لکھا تھا کہ رہائی پانے والے صیہونی جنگی قیدی حماس پر تنقید کے بجائے (بن یامین نیتن یاہو کی) کی کابینہ سے شاکی ہیں۔
حماس کے ایک رہنما اسامہ حمدان نے اس سے پہلے صیہونی جنگی قیدیوں کے لواحقین کو مخاطب قرار دے کر کہا تھا کہ ” ہم جنگی قیدیوں کے خاندان والوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اسرائيلی حکومت کے جرائم کا دوام اس بات کا باعث نہیں بنے گا کہ آپ اپنے عزیزوں سے مل سکیں ۔”
فلسطین کی استقامتی تحریک نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے حملوں میں بہت سے اسرائیلی جنگی قیدی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔