قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، تحریک آزادی القدس
اسلامی ممالک کے سربراہان اور اقوام متحدہ اور او آئی سی فلسطین اور قبلہ اول کی آزادی کے لئے منافقت چھوڑ کر حقیقی کردار ادا کرے، عالم اسلام کا دل فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم انسانوں کے لئے دھڑکتا ہے لیکن امریکہ اور اسرائیل کی کٹھ پتلی مسلم حکمرانوں کی وجہ سے آج پوری دنیا میں مسلمان صیہونی مظالم کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی، جماعت اسلامی پاکستان صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، علامہ مرزا یوسف حسین، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ صادق رضا تقوی اور دیگر نے جمعة الوداع یوم القدس کی مناسبت سے نمائش چورنگی تا تبت سینٹر تک نکالی جانے والی مرکزی آزادی القدس ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یوم القدس کے موقع پر نکالی گی مرکزی آزادی القدس ریلی کا اہتمام تحریک آزادی القدس اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائشن پاکستان کے تحت کیا گیا تھا۔ القدس ریلی میں ہزاروں خواتین اور مردوں سمیت بچوں نے شرکت کی۔ شرکائے القدس ریلی نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی اور غاصب اسرائیل سے نفرت کے اظہار پر مبنی نعرے آویزاں تھے جبکہ شرکائے ریلی نے سروں پر سرخ اور سبز پٹیاں باندھ رکھی تھیں جن پر القدس ہمارا ہے درج تھا۔ القدس ریلی میں بچوں کے خصوصی دستے بھی موجود تھے جو آزادی القدس کی جدوجہد پر مبنی فوجی دستے بنا کر ریلی میں شریک تھے اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی جدوجہد میں شریک ہونے کا عزم کر رہے تھے۔
القدس ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے کہا کہ بیت المقدس اور سر زمین فلسطین کی آزادی کے لئے دنیا بھر کے مسلمانوں نے رہبر کبیر امام امت خمینی بت شکن کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے یوم القدس منا کر ثابت کر دیا ہے کہ تمام تر صیہونی سازشوں کے باوجود مسلمان متحد اور متفق ہیں اور پرچم اسلام کی سر بلندی کے لئے رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں حزب اللہ، حماس، جہاد اسلامی اور تمام مظلومین جہان کے ساتھ ہم آواز ہیں۔
جمعة الوداع یوم القدس کی مناسبت سے نمائش چورنگی تا تبت سینٹر تک نکالی جانے والی مرکزی آزادی القدس ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی کا کہنا تھا کہ قبلہ اول بیت المقدس مسلمانوں کا ہے اور مسلم امہ کو چاہئیے کہ متحد ہو کر اٹھ کھڑی ہو اور امت مسلمہ کے دشمن اسرائیل کو صفحہ ہستی سے نابود کر دے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رح) بیسوی صدی کے عظیم رہنما ہیں کہ جنہوں نے مسلم امہ کو متحد کرنے کے لئے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دے کر مسلم امہ کو متحد کر دیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی اور جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی نورانی صدیقی کا کہنا تھا کہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی اور مسلم امہ متحد ہے اور امت کے دشمن امریکہ اور اسرائیل کے خلاف برسرپیکار ہے۔ مقررین کا کہنا تھا مسجد اقصیٰ قبلہ اول کی آزادی مسلم امہ کی اولین ترجیح ہونی چاہئیے لیکن افسوس کی بات ہے کچھ مسلم بادشاہتیں غاصب صیہونی اسرائیل کے جرائم اور انسانیت سوز مظالم کی پردہ پوشی کرنے مین مصروف عمل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں کہ القدس آزاد ہوگا اور مسلمان القدس کے اندر پہنچ کر نماز ادا کریں گے۔ القدس ریلی میں سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں میں مولانا منور نقوی، مولانا دیدار جلبانی، مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، مولانا مہدی کریمی، مولانا علی انور جعفری، مولانا محمد حسین کریمی، علی حسین نقوی، شبر رضا، مولانا باقر زیدی سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔