انوار الحق کاکڑ الیکشن کروانے آئے ہیں اسرائیل کو تسلیم کروانے نہیں، علامہ صادق جعفری
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری نے وحدت ہاؤس انچولی میں کارکنان کی تربتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد متعدد ممالک نے دو ریاستی حل کے بجائے ایک ریاستی حل کا مؤقف اختیار کرلیا ہے، فلسطینی عوام نے دنیا کو بیدار کردیا ہے، غیر مسلم دنیا نے لوگوں کو اسلام کی طرف متوجہ کردیا ہے، مسلمان ممالک نے قضیہ فلسطین سے پہلے ہی خیانت کرلی تھی، اگر طوفان الاقصیٰ نہ ہوتا مسئلہ فلسطین ہمیشہ کیلئے ختم کردیا جاتا، نگران وزیراعظم کو امت مسلمہ اور پاکستان کی نظریاتی دفاع سے کوئی لگاؤ نہیں ہے۔
علامہ صادق جعفری نے مزید کہا کہ انوار الحق کاکڑ جیسے غلامانہ ذہنیت کے حامل شخص سے ایسے ہی بیانات کی توقع کی جاسکتی ہے، قائد اعظم اور علامہ اقبال نے واضح کہا کہ اسرائیل غاصب ریاست ہے، قائد اعظم نے اصولی مؤقف اختیار کیا اور اصول کبھی نہیں بدلتے، ظلم اور غاصب قبضہ کو کسی صورت برداشت نہیں جاسکتا، یہ ان کا سیاسی نہیں اصولی مؤقف ہے، پاکستان کے 25 کروڑ غیور عوام اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن و احادیث کی نگاہ سے غاصبانہ قبضہ بد دیانتی ہے، انوار الحق کاکڑ الیکشن کروانے آئے ہیں اسرائیل کو تسلیم کروانے نہیں۔