مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ اعجاز بہشتی کا بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی نے بارش سے متاثرہ امروہہ سوسائٹی ، سعدی ٹاؤن ،سچل گوٹھ ، جلبانی گوٹھ، صومار کڈھانی گوٹھ کھوکراپار کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کیمپس کا معائنہ بھی کیا، ایم ڈبلیوایم کے رضاکاروں نے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں، لوگوں کومحفوظ مقام پر منتقل کیاگیاجبکہ ان علاقوں میں بڑی تعداد میں روزہ داروں کیلئے افطار اور کھانے کا انتظام کیا گیا۔اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے رہنماء علامہ دیدار جلبانی ، علامہ علی انور، علی حسین نقوی ، انجینئر رضا نقوی بھی ہمراہ تھے۔
مجلس وحدت مسلمین کراچی کے شعبہ فلاح و بہبود خیر العمل فاؤنڈیشن نے شہر میں شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردیں، متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا کام جاری ہے جبکہ بڑی تعدادمیں متاثرین کے لیے افطاراورکھانے کا بھی انتظام کیا گیا۔ کھوکھراپار اور امروہہ سوسائٹی میں ریلیف کیمپس بھی لگا دئیے گئے ہیں جہاں عوام الناس سے متاثرین کی مدد کے لئے کپڑے ، دودھ ، خشک غزائی اشیاء ، صاف پانی اور نقد امداد جمع کرانے کی اپیل کی گئی ہے ۔