امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریر کے دوران فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگ گئے
امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریر کے دوران فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگ گئے
شیعہ نیوز:امریکہ میں فلسطین کےحامی مظاہرین نے پیر کے روز فوری جنگ بندی کے مطالبے کے نعرے لگاتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریر کو تعطل سے دوچار کر دیا۔
مظاہرین نے امریکی صدر سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں اسرائيل کی جنگ بند کرائیں جہاں غاصب صیہونی حکومت نے امریکہ کی حمایت سے تئیس ہزار فلسطینیوں کا قتل عام کیا اور دسیوں ہزار کو زخمی نیز ایک بڑی آبادی کو بے گھر کر دیا۔
امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں چارلسٹن کلیسا میں امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریر کا پروگرام تھا جس میں امریکی صدر نے جنگ غزہ میں اسرائيل کی بے تحاشا حمایت کے باوجود اپنے طرفداروں کی حمایت کے حصول کے لئے اعلان کیا کہ وہ غزہ سے اسرائیلی فوج کی واپسی کی کوشش کر رہے ہیں۔
جنگ غزہ کے تین ماہ پورے ہو چکے ہیں اس دوران امریکہ کے مختلف شہروں میں اسرائیل کے جرائم کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔
دوسری جانب پریس ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ نیویارک میں پیر کی رات اسرائیل کے خلاف مظاہرے ہوئے اور مختلف دیگر شہروں منجملہ بروکلن، منہٹن اور کئی اور علاقوں میں سڑکیں بند کر دی گئیں، فلسطین کےحامی اور اسرائیل مخالف امریکی شہریوں نے منہٹن میں بھی پلوں اور سڑکوں کو بند کر دیا جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کا عمل تعطل سے دوچار رہا۔
امریکی مظاہرین نے فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے جنگ غزہ بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ بعض ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ امریکی پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا۔
یورپ کے مختلف ملکوں میں بھی فلسطینیوں کی حمایت اور صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جہاں سوئیڈن، ڈنمارک، اور بوسنیا کے عوام نے غزہ پر صیہونی جارحیت کی مذمت میں مظاہرے کئے ہیں۔
فلسطین کے حامیوں نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں بھی مظاہرہ کر کے غزہ پر صیہونی حکومت کے حملے بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سوئیڈن کے شہر یوتبری کے عوام نے بھی مظاہرہ کر کے غزہ پر صیہونی حکومت کے حملے روکے جانے کا مطالبہ کیا۔ بوسنیا کے دارالحکومت سارائیوو کے عوام نے بھی اسی طرح کا مظاہرہ کیا اور غزہ پر حملے بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے کے دوران فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان بھی کیا گیا۔