بحیرہ احمر میں کشیدگی سے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی، اردن
شیعہ نیوز: اردن کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم بحیرہ احمر کی صورت حال کے خطے کی سلامتی پر پڑنے والے اثرات کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پیٹرا نے خبر دی ہے کہ اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفادی نے کہا: ہم بحیرہ احمر کی صورت حال اور اس کے خطے کی سلامتی پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اردن خطے کی سلامتی اور استحکام پر زور دیتا ہے۔ غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی خطے کی سلامتی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں مسلسل ناکامی، نیتن یاہو اور اتحادیوں کے درمیان کشیدگی بڑھنے لگی
اردنی وزیر خارجہ نے صیہونی حکومت کے غزہ پر مسلسل حملوں کے ذریعے خطے کو جنگ اور کشیدگی کی طرف دھکیلنے اور نیتن یاہو کی وزارت عظمیٰ کو طول دینے کے مقصد سے نئے محاذ کھولنے اور مغرب کو جنگ میں گھسیٹنے کے بارے میں خبردار کیا۔
الصفادی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے اسرائیل کو غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف گھناؤنے جرائم سے روکنے میں ناکامی نے خطے کی سلامتی کو خطرے سے دوچار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری یا تو اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اسرائیل کو غنڈہ گردی سے روکے اور معصوم فلسطینیوں اور خطے کی سلامتی کی حمایت کرے یا پھر اس حکومت کے انتہا پسند وزیر اعظم کو جنگ کا دائرہ پھیلا کر خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی کھلی چھوٹ دے کر تماشائی بنے۔