
پاکستان میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن چاہتے ہیں، رابرٹ کین
شیعہ نیوز: پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن وسطی پنجاب سیکرٹریٹ لاہور میں امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل سیکرٹری رابرٹ کین نے قائم مقام صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب رانا فاروق سعید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، عام انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں امریکن قونصلیٹ کی پولیٹیکل اینڈ اکنامک سپشلسٹ صدف، پیپلز پارٹی پنجاب کے فنانس سیکرٹری احمد جواد رانا بھی موجود تھے۔ ملاقات میں امریکی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رانا فاروق سعید نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں، خاص طور پر خواتین اور اقلیتوں کیلئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی افغان جنگ کے اثرات کو برداشت کر رہا ہے، پاکستان کی معاشی مشکلات افغان جنگ کی وجہ سے پیدا ہوئی ہیں۔ رانا فاروق سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکہ سے دوستی لازوال طریقے سے نبھائی ہے، صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں تاکہ جو جیتے وہ حکومت بنائے۔ رانا فاروق سعید نے مزید کہا کہ سب کو لیول پلئینگ فیلڈ دیں تاکہ اچھی قیادت سامنے آئے۔ پی ٹی آئی کو بھی دیگر جماعتوں کی طرح لیول پلئنگ فیلڈ ملنی چاہیے، تمام تر مشکلات کے باوجود پیپلز پارٹی الیکشن میں حصہ لے گی۔ امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل سیکرٹری رابرٹ کین نے کہا کہ امریکہ کسی سیاسی پارٹی کی حمایت نہیں کرتا، ہم صرف صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن چاہتے ہیں۔