تہران اسلام آباد تعاون خطے میں امن کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان
شیعہ نیوز: تہران میں پاکستانی سفارت خانے نے ایران کے ساتھ کھڑے رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی اعتماد علاقائی امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران میں سفارت خانے نے سوشل نیٹ ورک پر اپنے آفیشل صارف اکاؤنٹ پر ایک پیغام میں لکھا کہ پاکستان ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔
پیغام میں آیا ہے کہ دو برادر ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی اعتماد، ایک پیچیدہ علاقائی ماحول میں، امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اپنی سرحدوں کے اندر دہشت گردوں کو ٹھکانے نہ بنانے دینے کے اپنے وعدوں کی پابندی کرے
پاکستانی سفارت خانے کے پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے اپنی اقدار کا مضبوطی سے دفاع کرتا ہے۔
اس سے قبل، ایران میں پاکستان کے سابق سفیر رحیم حیات قریشی نے بھی، جو اس وقت اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، اپنے اکاؤنٹ میں لکھا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی سمیت مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔
تہران، ایران اور پاکستان کے عوام اور حکومتوں کے درمیان اچھی ہمسایگی اور بھائی چارے کی پالیسی کا پابند ہے اور دشمنوں کو دونوں ملکوں کے اچھے اور برادارانہ تعلقات کو خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران، اپنے عوام کی سلامتی اور ارضی سالمیت کو ریڈ لائن سمجھتا ہے اور دوست اور برادر ملک پاکستان سے اسے پوری توقع ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے اڈوں کا خاتمہ کرنے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل کرے گا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کی غرض سے ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران ہمارا برادر ملک ہے اور پاکستان اپنے ہمسایہ کی خودمختاری اور ارضی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کبھی بھی کشیدگی بڑھانے کا خواہاں نہیں رہا اور اپنے برادر پڑوسی ملک ایران کے ساتھ بات چیت اور افہام تفہیم کو اہمیت دیتا ہے۔