مجرموں کو تختہ دار پر لٹکانا ہی اصل کامیابی ہوگی، علامہ شفقت شیرازی
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری امور خارجہ نے بہارہ کہو خودکش حملے کی تحقیقات اور ابتک کی پیشرفت کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب اس واقعے میں ملوث مجرم دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد نہ ریاست کو مانتے ہیں نہ ریاست کے آئین کو اور نہ قانون کو، ایسے میں ان کے ساتھ مذاکرات انتہائی غیر منظقی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو دہشتگرد وطن عزیز پاکستان کو ہی قبول نہیں کرتے، ان سے کس طرح کے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا مذاکرات اس صورت ممکن ہیں کہ دہشتگرد ملک کے آئین اور پارلیمنٹ کو تسلیم کریں، جو لوگ ملک کی اہم تنصیبات اور عوام پر شب و روز حملے کر رہے ہوں، جو بہ بانگ دہل یہ کہتے پھریں کہ ہم پاکستان کے آئین و قانون کو نہیں مانتے، جو گولی اور بندوق کے زور پر اپنی بات منوانا چاہتے ہیں، ان سے صرف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جاسکتا ہے۔ سیکرٹری امور خارجہ نے مزید کہا کہ ملک کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے کہ ہم کئی دہائیوں سے اس بات پر الجھے ہوئے ہیں کہ دہشتگردوں کو دہشتگرد کہیں یا نہ کہیں، ان سے مذاکرات کریں یا مقابلہ، انہوں نے کہا کہ ریاست کے اندر ریاست بنانے کا تصور خطرناک عمل ہے اور اس کا تجربہ ہم سوات میں کرچکے ہیں۔