
پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں
گلگت بلتستان کو بلوچستان بنانے سے روکا جائے، کاظم میثم
شیعہ نیوز: گلگت بلتستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں جاری افراتفری کو روک کر اسے بلوچستان بنانے سے بچایا جائے، کنٹریکٹر ایسوسی ایشن پر طاقت کا استعمال اور شیلنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پولیس سربراہ جی بی پولیس کو پنجاب پولیس بنانے اور عوام سے متصادم کرنے سے باز آجائے، خطے کو منظم انداز میں انارکی کی جانب لے جایا جا رہا ہے۔گلگت بلتستان میں طاقت کے استعمال سے عوام کے غیض و غضب میں اضافہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نگر کے غیور عوام اور بلتستان کے مظاہرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حکومت انا اور ہٹ دھرمی ختم کرکے گندم اضافے کے فیصلے کو واپس لے، جس طرف گلگت بلتستان کو لے جانے کی کوشش ہو رہی ہے وہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔
پاکستان بھر میں موجود یوتھ تیار رہیں اور خطے کے حقوق کے لیے سڑکوں پر موجود عوام کے ہم آواز بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام متحد ہوں اور حقوق کے لیے جاری تحریک کو مسلکی رنگ دینے نہ دیں۔ گلگت بلتستان میں اختلافات کو ہوا دیکر ہمیشہ یہاں کے حقوق غصب کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آغا علی رضوی کے حکم پر اطہر غلام کے اشارے کا منتظر ہوں، اسلام آباد میں دھرنا بھی دینے کو تیار ہوں۔ عوامی حقوق کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جی بی کے عوام کی آواز نہ سنی گئی تو اسلام آباد سے پوری دنیا تک آواز پہنچائیں گے پھر شکایت نہ کرنا۔ وفاقی حکومت سے کہتا ہوں ہوش کے ناخن لیں عوام کا مطالبہ گندم سے آگے بڑھ گیا ہے، فیڈریشن کو آل از ویل کی رپورٹ دینے والے پاکستان اور گلگت بلتستان سے مخلص ہوجائیں۔