اسلامی ممالک صیہونی حکومت کی حیاتی شریانوں کو کاٹ دیں، آیت اللہ سید علی خامنہ ای
شیعہ نیوز: تہران کے 24 ہزار شہیدوں کے یادگار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ صیہونی حکومت کی حیاتی شریانیں مسلم ممالک کی قیادت کے اختیار میں ہے، لہذا انہیں چاہئے کہ صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے سیاسی اور معاشی تعلقات منقطع اور اس کی امداد بند کریں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے تہران کے شہیدوں کی یادگار کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے غزہ کے انتہائی اہم مسئلے پر اسلامی ممالک کے حکام کے نامناسب ردعمل پر تنقید کی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی و برطانوی جارحیت کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتے، محمد علی الحوثی
آپ نے فرمایا کہ بعض اوقات اسلامی ممالک کے حکام کے بیان اور ان کا موقف غلط ہوتا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکام غزہ میں جنگ بندی کے بارے میں بات کرتے ہیں جو کہ ان کے اختیار سے باہر خبیث صیہونی دشمنوں کے ہاتھ میں ہے جبکہ انہیں ان موضوعات کے سلسلے میں عملی قدم اٹھانا چاہئے جو کہ ان کے بس میں ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے صیہونی حکومت کی حیاتی شریانوں کے کاٹنے کو اسلامی ممالک کے حکام کے اختیار میں قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی ممالک کو چاہئے کہ صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے سیاسی اور معاشی تعلقات منقطع اور اس غاصب حکومت کو دی جانے والی امداد بند کریں۔
آپ نے فرمایا کہ اسلامی ممالک کی قیادت کے نامناسب ردعمل اور تمام مشکلات کے باوجود، قرآن کے مطابق، اللہ ایمان والوں کے ساتھ ہے اور جہاں اللہ ہوتا ہے، وہاں فتح ہوتی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ کے عوام کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالی بہت جلد یہ کامیابی امت اسلامیہ کی نظروں کے سامنے لائے گا جس سے مسلمانوں اور سب سے بڑھ کر فلسطینی عوام کے دل خوش و مسرور ہوں گے۔