جسٹس مقبول باقر کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ
حکومت سندھ نے سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس مقبول باقر کو مکمل علاج کیلیے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی محکمہ صحت نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے نام ایک سمری ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس مقبول باقر کے آغا خان اسپتال میں 3 پیچیدہ آپریشن کیے جاچکے ہیں لیکن مزید پیچیدگیوں کے پیش نظر انھیں بیرون ملک بھیجا جائے۔ محکمہ صحت کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کی جانے والی سمری میں جسٹس مقبول باقر کے بیرون ملک علاج پر ایک لاکھ امریکی ڈالر کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جسٹس مقبول باقر کے آغا خان اسپتال میں انتہائی پیچیدہ نوعیت کے 3 آپریشن کیے جاچکے ہیں۔
کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی جانب سے بم دھماکے میں ان کے چہرے کے ٹشوز بھی شدید متاثر ہوگئے تھے جس کی وجہ سے جسٹس مقبول باقر کو مزید طبی پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔ ان کے علاج کی رپورٹس وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کی جاچکی ہے جس پر حکومت سندھ نے جسٹس مقبول باقر کو مکمل علاج کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر صحت سید اویس مظفر ٹپی نے بھی جسٹس مقبول باقر کی عیادت کے دوران انھیں بیرون ملک علاج کرانے کی پیشکش کی تھی۔ جسٹس مقبول باقر ڈیڑھ ماہ سے آغا خان اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
.