اسلام دشمن طاقتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے حضرت علیؑ کے کردار کو مشعل راہ بنانا ہوگا، مولانا اصغر شہیدی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کراچی، اہلیان سولجر بازار و ملی اداروں کی جانب سے یوم ولادت حضرت علی ابن ابی طالبؑ کی مناسبت سے کراچی محفل شاہ خراسان سے عزاخانہ زہراؑ نمائش چورنگی ریلی نکالی گئی اور جشن مولود کعبہؑ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جشن کی صدارت ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ صادق جعفری، پی ایس 102 اور 103 کے امیدوار مولانا اصغر حسین شہیدی، علامہ شاہ فروز الدین رحمانی، ناصر الحسینی، سلیم سچوانی، امین کھانڈوالہ سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ رہنماؤں کا خطاب میں کہنا تھا کہ عصر حاضر میں یہود و نصاریٰ اور خوارج کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمت مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالبؑ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، اس وقت اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کی وحدت و اخوت پر کاری ضرب لگانے کے لیے اپنی تمام تر قوت کے ساتھ مگن ہیں، ان کی یہ کوشش ہے کہ دین اسلام کے پیروکار کو آپس میں الجھا کر کمزور کیا جاسکے تاکہ دین اسلام کے پیروکاروں پر انہیں غلبہ حاصل ہو لیکن یہ ان کی خام خیالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ذوات مقدسہ دنیا و آخرت میں سرخروی کی ضمانت ہیں، اللہ رب العزت نے امت محمدی سے جس اجر رسالت کا تقاضہ کیا ہے وہ مودت فی القربی ہے، اہل بیت علیہم السلام کی خوشیوں میں خوش اور ایام غم میں غمگین ہونا ہی محب ہونے کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتوں نے امت مسلمہ سے محاذ آرائی کا انداز بدل لیا ہے، دور عصر میں افرادی قوت کو نقصان پہچانے کی بجائے اسلام کی بنیادی تعلیمات اور عقیدوں پر حملے کئے جا رہے ہیں تاکہ مسلمانوں سے ان کا مضبوط ہتھیار ”ایمان“چھینا جا سکے، ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے لادینیت کو فروغ دیا جا رہا ہے، خواتین کو تعلیم یافتہ اور باشعور بنانے کی بجائے باغی بننے کی ترغیب دی جا رہی ہے، اسلامی معاشرے میں ایسے کسی نظام کی قطعاََ گنجائش نہیں، ہر شخص کو انفرادی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اسلامی اقدار کی حفاظت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کا تانا بانا عالم استکبار و استعمار کے ساتھ جُڑا ہوا ہے، یہود و نصاریٰ کی ان سازشوں کا مقابلہ کرنے اور اسلام کے حقیقی نفاذ کے لئے امام اول حضرت علی علیہ السلام کے کردار کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ دریں اثناء حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے شہر بھر کی امام بارگاہوں اور مساجد میں اجتماعات منعقد ہوئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے تحت شہر قائد کے تمام ضلعی دفاتر میں چراغاں و محفل میلاد، منقبت خوانی ودیگر سیرت امام علیؑ سیمینار کا انعقاد کیا اور کیک بھی کاٹے گئے اور نامور علما، ذاکرین اور منقبت خوانوں بشمول شاہ حسین الدین رحمانی، محمد علی جلالوی، عدنان سیفی، رضا شریف، حسنین عباس، نوشاد علی و دیگر نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔