فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے فنڈنگ کی معطلی کے فیصلے پر گہری تشویش ہے، دفتر خارجہ
شیعہ نیوز: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران غزہ جنگ پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو غزہ میں جاری اسرائیلی افواج کی جارحیت پر شدید تشویش ہے، جنین ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے فنڈنگ کی معطلی کے فیصلے پر گہری تشویش ہے، پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔ اس کےعلاوہ انہوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پانچ فروری کو پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، یہ دن بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے، پاکستان کشمیریوں کےحق خودارادیت کےلیے ہرفورم پرحمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے سیکرٹری خارجہ نے بھارتی شہریوں کے پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کیے، بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ ایران میں 9 پاکستانیوں کا قتل دہشتگردی ہے، قتل ہونے والے پاکستانیوں کے لاشیں گزشتہ شب پاکستان پہنچا دی گئیں، پاکستان نے ایران سے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں دہشت گردی کے نتیجے میں 9 پاکستانیوں کو قتل کیا گیا، ان 9 پاکستانیوں کے لاشیں گزشتہ شب پاکستان پہنچا دی گئیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران میں پاکستانیوں کا قتل دہشتگردی ہے، پاکستان کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کا کہا گیا ہے، ایران کی جانب سے یقین دہانی کراوئی گئی ہےکہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پاکستان کے ساتھ شئیر کی جائے گی۔ ان کا بھی کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ آئندہ اس طرح کے حملے نہیں ہونگے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سائفر کے ذریعے ہونے والی رابطہ کاری انتہائی محفوظ ہے، حال ہی میں سائفر کمیونیکشن نظام کا سیکیورٹی آڈٹ کیا گیا، آڈٹ کے مطابق سائفر کا نظام انتہائی محفوظ ہے۔ پریس بریفنگ کے دوران صحافی نے سوال پوچھا کہ کیا سائفر مبینہ لیک سے پاکستان کے امریکا سے تعلقات خراب ہوگئے؟ جس پر ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کوشش کرتا ہے کہ تمام ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر ہو۔