عدت میں نکاح کا کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی
شیعہ نیوز: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ اڈیالہ جیل میں عدت میں نکاح سے متعلق کیس سننے والے سینیئر سول جج قدرت اللہ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی، جج نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں کیس کا فیصلہ سنایا۔ گذشتہ روز تقریباً 14 گھنٹے کی طویل سماعت کے بعد جج قدرت اللہ نے عدت میں نکاح سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ یاد رہے کہ مقدمے کے درخواست گزار بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عمران خان اور بشری بی بی پر عدت کے دوران نکاح کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح سے متعلق کیس میں بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا، ان کے ملازم لطیف، مفتی سعید اور نکاح کے گواہ عون چوہدری سمیت دیگر گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے تھے۔گذشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 342 کا بیان ریکارڈ کرایا تھا جبکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے گواہان خاور مانیکا، مفتی سعید، عون چوہدری اور ملازم محمد لطیف پر جرح کی تھی۔خیال رہے کہ اس سے قبل عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14، 14 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ سائفر کیس میں بھی عمران خان کو 10 برس کی قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔