ضلع پشین میں انتخابی امیدوار کے دفتر کے باہر دھماکہ، 12 افراد جاں بحق
شیعہ نیوز: صوبۂ بلوچستان کے ضلع پشین میں خانوزئی کے علاقے میں انتخابی دفتر کے قریب دھماکے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دھماکے کے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں۔
صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین کے حلقہ پی بی 47 میں سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق خانوزئی میں دھماکہ انتخابی امیدوار اسفندیار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے، دھماکے کے باعث 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے ۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور نقصان کا تعین کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سید حسن نصراللہ دنیائے عرب کے سب سے زیادہ بہادر، جری اور طاقتور رہنما ہیں، اسرائیلی تجزیہ نگار
ڈپٹی کمشنر جمعہ داد نے بتایا کہ دھماکے میں متعدد افراد بھی زخمی ہوئے ، زخمی افرادکو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جن میں کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جمعہ داد نے دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا تاہم دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ضلع پشین میں سیاسی جماعت کے دفتر پر دھماکے کا نوٹس لے لیا ، الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی بھی ہدایت کردی۔