
ہم رفح آپریشن کا فیصلہ کرنیکے بالکل قریب ہیں، صیہونی فوج کا دعویٰ
شیعہ نیوز: صیہونی عسکری حکام نے کئی ہفتوں سے جاری خان یونس میں آپریشن کے خاتمے کی خبر دی۔ ایک سورس نے صیہونی فوج کے ریڈیو کو بتایا کہ خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر تقریباً دو ہفتوں سے قبضہ کرنے اور اس کے طبی عملے، مریضوں و بے گھر افراد کو گرفتار کرنے کے بعد اس ہسپتال میں آپریشن ختم ہونے کو ہے۔ واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں جنگ کے 137ویں روز بھی اسرائیل کی بمباری جاری ہے۔ جس میں اب تک 29 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اس دوران اسرائیل کے عسکری حکام رفح میں فوجی آپریشن کے لئے پیش قدمی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
تاہم اب تک صیہونی فوج اپنے کسی بھی ہدف کو حاصل نہیں کر سکی بلکہ مختلف محاذوں پر شکست کے علاوہ صیہونی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے 576 فوجی ہلاک اور 2918 زخمی ہو چکے ہیں۔ رفح پر زمینی حملے کی تیاری کے اعلان کے باوجود عبرانی اخبار هاآرتز نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا کہ بار بار کے بیانات کے باوجود صیہونی حکومت اور فوج، رفح میں عسکری آپریشن کی خواہاں نہیں ہے۔ ابھی تک اس علاقے پر حملے کی منصوبہ بندی بھی سامنے نہیں آ سکی ہے۔