عربی الفاظ والا لباس پہننے پر خاتون کو ہراساں کرنا افسوسناک اور قابل مذمت ہے، طاہر اشرفی
شیعہ نیوز: پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے لاہور میں خاتون کو لباس پر عربی الفاظ پرنٹ ہونے کی وجہ سے ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں طاہر اشرفی کا کہنا تھاکہ لاہور میں ایک خاتون کو لباس پر عربی الفاظ پرنٹ ہونے کی وجہ سے ہراساں کیا گیا، پاکستان علما کونسل اس واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر اچھرہ پولیس کی کوششیں قابل تعریف ہیں تاہم خاتون سے معافی کا کہنا بلا جواز تھا، معافی ہراساں کرنے والوں کو مانگنی چاہیے۔
یاد رہے کہ اچھرہ کے ایک ریسٹورنٹ میں خاتون کے لباس پر عربی زبان میں بار بار لفظ حلوہ لکھا ہوا تھا، جسے لوگ قرآنی آیات سمجھ بیٹھے، اور خاتون کو لباس فوری تبدیل کرنے کیلئے ہراساں کرتے رہے۔ ایک شہری نے ون فائیو پر کال کردی تو پولیس کو مداخلت کرکے اس خاتون کو موقع سے نکالنا پڑا۔ بعدازاں کچھ مذہبی جماعتوں کے رہنما تھانے پہنچ گئے جنہوں نے خاتون سے معافی کا مطالبہ کیا، جس پر خاتون نے معافی مانگ لی۔