اہم پاکستانی خبریں

حرمین شریفین میں سیاسی سرگرمی نعرہ بازی، بینرز یا جھنڈے لہرانا درست نہیں، دارالافتاء پاکستان

شیعہ نیوز: پاکستان علماء کونسل اور دارالافتاء پاکستان نے فتویٰ جاری کیا ہے کہ حرمین شریفین میں کسی قسم کی سیاسی سرگرمی نعرہ بازی، بینرز یا جھنڈے لہرانا قطی درست نہیں۔ حرمین شریفین عبادت کی جگہ ہے اور تمام زائرین کو وہاں پر اپنے وقت کو قیمتی بناتے ہوئے عبادت کرنی چاہیے۔ اور حرمین شریفین کے تقدس کا ہر حال میں ادب اور خیال کرنا لازم ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور صدر دارلافتاء حافظ طاہر اشرفی نے علماء و مشائخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقعہ پر حج آرگنائزر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین ثناء اللہ خان، مولانا نعمان حاشر، مفتی عمر فاروق، مولانا طاہر عقیل، مولانا ذوالفقار احمد، مولانا افضل شاہ، علامہ طاہر الحسن، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا محمد شفیع قاسمی اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بعض لوگ حرمین شریفین میں بینرز اور جھنڈے لہرانے کی کوشش کرتے ہیں اور یہ قطعاً جائز نہیں، لاکھوں مسلمان ایک وقت میں حرمین شریفین میں موجود ہوتے ہیں، اگر کوئی اپنا پرچم اور بینرز اور خیالات کا اظہار شروع کرے تو اس سے ارض امن حرمین شریفین میں فساد برپا ہوگا، لہٰذا تمام زائرین و حجاج پر سعودی عرب کی حکومت کی تعلیمات اور قوانین کو ماننا لازم ہے لہٰذا اگر کوئی سعودی عرب کے قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کیخلاف سعودی عرب کی حکومت کا ایکشن لینا درست ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین سعودی عرب کا امت مسلمہ کی ترجمانی ہے، شرپسند عناصر فلسطین کا نام لے کر حلف بے بنیاد پروپیگنڈہ کر سکتے ہیں جس کی کوئی حقیقت نہیں۔ پاکستان علماء کونسل اور دارالافتاء پاکستان واضح طور پر فتویٰ صادر کر رہے ہیں کہ سعودی عرب میں عمرہ زائرین وحجاج کرام کسی قسم کی سیاسی سرگرمیوں نعرہ یا بینر بازی میں شریک نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کونسل اور ہوپ مل کر ملک بھر میں حجاج کرام کیلئے تربیتی نشستوں کا اہتمام کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ اس مرتبہ ان نشستوں میں سعودی عرب کے وزارت حج کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرکاری حج سکیم مکمل ہو گئی ہے، پرائیویٹ گروپ حجاج کرام کی بکنگ کر رہے ہیں سعودی عرب کی تعلیمات کی روشنی میں اس مرتبہ حج کے انتظامات ماضی کی نسبت جلد شروع کر دیئے گئے ہیں لیکن ہم سعودی عرب کی وزارت حج اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفارتخانے کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہمارے برادر اسلامی ممالک کا تعاون پاکستان اور پاکستان کی عوام کے ساتھ ہے ۔ میاں شہباز شریف کی ماضی کی حکومت میں ہمارے ساتھ سعودی عرب متحدہ عرب امارات،مصر قطر، اور دیگر اسلامی عرب ممالک کا تعاون بہت مضبوط رہا ہے اور اب ایس آئی ایف کے قیام کی وجہ سے مزید بہتری آئی ہے لہٰذا ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں منتخب حکومت سے برادر اسلامی عرب ممالک کا تعاون مزید مضبوط اور مستحکم ہو گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button