فلسطین کے دو ریاستی حل کا فارمولا دینے والے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کررہے ہیں، علامہ باقر زیدی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ فلسطین میں غاصب اسرائیل کی بربریت تاحال جاری ہے، مسئلہ فلسطین عالم انسانیت کا مسئلہ ہے، اقوام متحدہ فلسطین کا مسئلہ حل کرانے میں ناکام ہو چکی ہے، اقوام عالم اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ فوری جنگ بندی چاہتی ہے۔ وحدت ہاوس کراچی سے جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ غاصب ناجائز اسرائیل نے پوری دنیا کا امن برباد کر دیا ہے، غزہ سمیت فلسطین کے بیشتر شہر قبرستانوں تبدیل ہوچکے ہیں، لاکھوں انسانی جانوں کے ضائع پر اب تک مسلم حکمرانوں کی بے حسی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے، دو ریاستی حل کا فارمولا دینے والے غاصب اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی استعقامت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ ہزاروں شہادتیں دینے کے بعد بھی عالمی استعماری طاقتوں کے خلاف مضبوط کھڑے ہیں، فلسطین میں فی الفور اسرائیلی جارحیت بند کی جائے، فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یکم مارچ بعد نماز جمعہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی ریلیاں و مظاہرے کئے جائیں گے۔اس حوالے شہر قائد میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر کیا جائے گا۔