پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکی پابندیوں کیخلاف استثنیٰ مانگیں گے، مصدق ملک
شیعہ نیوز: حکومت کی جانب سے پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکی پابندیوں کے خلاف استثنیٰ کی درخواست کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نگران حکومت نے امریکی پابندیوں کے خلاف درخواست دائر کرنے کا پلان مؤخر کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ درخواست دائر کرنے کا پلان جیوپولیٹیکل صورتحال کے باعث مؤخر کیا گیا تھا اور منسٹریل اوورسائٹ کمیٹی نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق فیصلے کیے تھے۔
اس حوالے سے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکی پابندیوں کے خلاف استثنیٰ مانگیں گے اور پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں کےخلاف سیاسی و تکنیکی دلائل دیکر استثنیٰ لینے کی کوشش کریں گے اور اس کیلئے بھرپور لابنگ کریں گے، گیس پائپ لائن منصوبے کی تعمیر جلد شروع کریں گے۔