نواز شریف کو سازش کے تحت پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا، رانا ثنا
شیعہ نیوز:پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف سے دوبارہ پارٹی منصب سنبھالنے کی درخواست کی ہے کیونکہ وہ ہی مسلم لیگ ن کے قائد ہیں اور انہیں سازش کے تحت پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کی تنظیم کے اجلاس کے بعد رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نواز شریف کو سازش کے تحت عہدے سے ہٹایا گیا تھا، نواز شریف سے درخواست ہے کہ وہ دوبارہ پارٹی کا منصب سنبھالیں اور بیانیہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف جو بیانیہ دیں گے وہی پارٹی کا بیانیہ ہوگا، وہ چاہے مفاہمت کا ہو یا مزاحمت کا، پارٹی اُسی بیانیے پر چلے گی جس کی منظوری نواز شریف دیں گے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہم وہی لیڈر شپ فراہم کریں گے جس کی عوام توقع کرتے ہیں، نواز شریف کی صدارت میں ہم اپنی کوتاہیوں اور کمزوریوں پر قابو پائیں گے اور امید ہے کہ اس کے بعد ن لیگ مقبولیت حاصل کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے شہباز اور مریم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، شہباز شریف کی ذمہ داریوں کی وجہ سے پنجاب کی قیادت نے نواز شریف کو صدر بنانے کی تجویز دی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ شہباز شریف نے کوئی فیصلہ نواز شریف سے مشاورت کے بغیر نہیں کیا اور وہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ مریم نواز عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
صوبائی صدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن وفاق اور پنجاب حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ عمران خان کی ضمانت اور ممکنہ رہائی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’شیر عمران خان نہیں بلکہ وہ تو ہم ہیں، اگر عدالتیں اُسے رہا کرتی ہیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں مگر بانی پی ٹی آئی کے غیر سیاسی رویے اور ہٹ دہرمی کی وجہ سے ملک نے نقصان اٹھایا ہے۔