اسرائیلی بمباری میں 4 بچوں سمیت 26 افراد شہید اور51 زخمی
شیعہ نیوز:گزشتہ 24 گھنٹوں سے غزہ اور رفح پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی جب کہ 51 فلسطینی زخمی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا سمیت دیگر عالمی قوتیں غزہ میں سیز فائر کے لیے متحرک ہیں اور اسرائیل سے رفح میں پناہ گزینوں کی محفوظ مقام پر منتقلی کے بغیر کسی بھی فوجی آپریشن سے باز رہنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اس کے باوجود اسرائیلی فوج رفح میں کسی نہ کسی بہانے سے فوجی کارروائی کر رہی ہے۔ آج رفح کے گھر کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا جس میں 7 افراد شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب غزہ کے علاقے میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور ایک حملے میں 19 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 34 ہزار 569 ہوگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد 77 ہزار 800 ہے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل پر حماس کے حملے میں 1500 اسرائیلی مارے گئے تھے جب کہ حماس کے ساتھ غزہ میں دوبدو جنگ کے دوران 500 سے اسرائیلی فوجی مارے گئے۔