اسرائیل کی کسی بھی قسم کی حمایت عالمی برادری کی خواہشات کے خلاف ہے، پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کا بیان
شیعہ نیوز: پاکستان میں ایران کے سفارتخانے نے یوم نکبہ کے موقع پر غزہ میں جنگ کے روکنے کے عمل میں خلل ڈالنے اور لوگوں کے قتل عام میں امریکہ کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ غزہ پر صیہونی حکومت کی طرف سے کسی بھی قسم کی قانونی اور جنگی عمل کی حمایت ناقابل قبول ہے اور یہ عالمی برادری کی مرضی کے خلاف ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کے پبلک ڈپلومیسی اور میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے آج یومِ نکبہ کے موقع پر ایک بیان میں کہا کہ 15 مئی یومِ نکبہ استعماری مغربی سازش کے ساتھ صیہونی قبضہ اور نسل پرست حکومت کے قیام کی سالگرہ ہے۔ یہ دن صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطین کی مقدس سرزمین پر نسل کشی، قتل عام، نقل مکانی، قبضے اور بے حرمتی کے خونی دور کے آغاز کی یاد دلاتا ہے اور یہ فلسطینی سرزمین پر 76 سالہ غاصبانہ قبضے کا آغاز اور انسانی حقوق اور ان کے حق خود ارادیت کی صریح خلاف ورزی کا دن ہے۔
اس بیان کے ایک اور حصے میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت نے تمام انسانی اقدار اور اصولوں کو نظر انداز اور انسانی حقوق، اصولوں اور بین الاقوامی قوانین و ضوابط اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انسانیت کی تاریخ کے سب سے گھناؤنے جنگی جرائم، نسل کشی، نوزائیدہ بچوں کے قتل سے اپنے ہاتھ رنگے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خان یونس، القسام بریگیڈ نے صہیونی ڈرون کو گرا کر قبضے میں لے لیا
ایرانی سفارت خانے نے غزہ میں وحشیانہ قتل عام کے نئے دور کی مذمت کرتے ہوئے کہ جس کے نتیجے میں 35 ہزار سے زائد بے گناہ افراد (جن میں بے دفاع و مظلوم مرد و خواتین، بچے شامل ہیں) شہید، 75 ہزار افراد زخمی اور سیکڑوں بے گھر ہوئے، ہزاروں بے بس افراد، عمارتوں اور اہم انفراسٹرکچر کی تباہی کی ذمہ دار صیہونی حکومت کی سزا پر زور دیا۔
اسکے علاوہ، غزہ کے خلاف جنگ اور قتل و غارت کو روکنے کے عمل میں خلل ڈالنے میں امریکہ کے اقدامات کی مذمت، اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی اس کی حالیہ مخالفت اور غاصب صیہونی حکومت کی ہر قسم کی قانونی، فوجی اور معلومات کے بارے میں حمایت کو ناقابل قبول، غیر ذمہ دارانہ اور عالمی برادری کی درخواست کے برعکس قرار دیا۔
ایران کے سفارتخانے نے مسئلہ فلسطین اور جعلی اور ناجائز صیہونی حکومت کے بارے میں ایران کے مضبوط موقف پر زور دیا اور فلسطینی عوام کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی رکنیت پر فلسطین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور ایک بار پھر فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کے مسائل میں سرفہرست ہے۔
غزہ کے مظلوم عوام اور فلسطین کاز میں پاکستانی عوام کی وسیع حمایت اور پاکستانی حکومت کے موقف کو سراہتے ہوئے ایرانی سفارت خانہ نے انکا شکریہ ادا کیا۔