بھارتی گلوکار لکی علی کی دبئی کانسرٹ میں فلسطین کے حق میں آواز
شیعہ نیوز: معروف بھارتی گلوکار لکی علی کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو دبئی میں ان کے کانسرٹ کی ہے جس میں انہوں نے بڑی تعداد میں سامعین کے سامنے براہ راست پرفارم کرتے ہوئے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
لکی علی نے کانسرٹ کے دوران اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’’میں کہنا چاہتا ہوں کہ صرف ایک ہی ریاست ہوسکتی ہے، میں اس پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے متفق ہوں لیکن وہ ریاست فلسطین ہونی چاہیے‘‘۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کے حامی، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کا حساب وقت پر چکایا جائے گا، جنرل قاآنی
لکی علی کی جانب سے کہے گئے ان الفاظ کے بعد کراؤڈ نعرے لگانے لگتا ہے اور ہال زوردار تالیوں سے گونج اٹھتا ہے، اس پر گلوکار تھوڑی دیر رکے اور پھر کہا کہ ’’اس ریاست میں سب ایک ساتھ رہ سکتے ہیں لیکن یہ ریاست فلسطین کی ہونی چاہیے‘‘۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب موسیقار نے فلسطین کی آزادی کی حمایت میں آواز اٹھائی، نومبر 2023 میں بھی لکی نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر اسرائیل کے حامیوں پر سخت تنقید کی اور فلسطین کے جنگ زدہ علاقے کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
گلوکار نے لکھا تھا کہ ’انشاءاللہ، میں فلسطین جانا چاہتا ہوں‘۔
جیسے جیسے اسرائیل غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں اپنی فوجی کارروائیوں میں اضافہ کر رہا ہے ویسے ویسے دنیا بھر کی مشہور شخصیات فوری جنگ بندی اور فلسطین کی آزادی کے لیے آواز بلند کررہی ہیں۔