پاکستان کو دہشت گردی سمیت بہت سے چیلنجز کاسامنا ہے، پاکستانی وزیر دفاع
شیعہ نیوز: پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور پاکستان کو دہشت گردی سمیت بہت سے چیلنجز کاسامنا ہے۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں انسداد شدت پسندی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شدت پسندی کی وجہ سے معیشت اور قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور اس نے متاثرہ ملک کے سوشل فیبرک کو بھی بری طرح متاثر کیا، یہ صورت حال نئی اسٹریٹجک اپروچ اپنانے کی مانگ کرتی ہے تاکہ شدت پسندی سے نمٹا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں : شہید صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر سانحے کی دوسری انویسٹیگیشن رپورٹ جاری ہوگئی
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو شدت پسندی کا سامنا کرنا پڑا اور اس سے ملک کی ہم آہنگی اور امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں، پاکستان نے دنیا کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم کا مظاہرہ کیا ہے، دہشت گردی کو مٹانا ضروری ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے معاشرے میں شدت پسندی کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے، قومی ایکشن پلان، قومی داخلی سلامتی کی پالیسی اور قومی انسداد انتہا پسندی کی پالیسی کے مطابق پاکستان کی واضح پالیسی نے دہشت گرد تنظیم کی جگہ کو نمایاں طور پر کم کر دیا ہے۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ انتہا پسندی کا بیانیہ بعض اوقات بہت آگے بڑھ جاتا ہے اور وہ بنیاد بن جاتا ہے جس پر شرپسند اپنا نظریہ استوار کرتے ہیں اور تشدد کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ معاشرے کو مثبت خیالات سے دور کر دیتا ہے، ہمیں بحیثیت قوم ایسے نظریے کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، ہم پر قومی شناخت کو فروغ دینے کی ذمہ داری ہے۔