اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

خانہ فرہنگ ایران کراچی کے تحت برسی امام خمینیؒ پر کانفرنس

شیعہ نیوز: اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی (رہ) کی 35ویں برسی، ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے خانہ فرہنگ ایران کے زیر اہتمام بھوجانی ہال سولجر بازار کراچی میں کانفرنس "امام خمینیؒ اور مسئلہ فلسطین‘‘ کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ کانفرنس سے شہید ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے ہم کلاس دوست آیت اللہ احمد نحوی، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر سعید طالبی نیا، ماہر بین الاقوامی امور ڈاکٹر ہما بقائی، مرکزی صدر آل پاکستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن ڈاکٹر منور عباس، مولانا سید رضی جعفر نقوی اور مولانا اصغر حسین شہیدی نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں علماء کرام، مذہبی، سیاسی و سماجی رہنما، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، خواتین سمیت کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر معروف منقبت و نوحہ خواں احمد رضا ناصری نے حضرت امام خمینیؒ کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس میں نظامت کے فرائض آغا شیرازی نے انجام دیئے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کیلئے جذبہ ایمانی کے حامل تھے، سید ابراہیم رئیسی سے گفتگو میں بات ہوئی کہ دنیا کو اسلامی نشاۃ ثانیہ کی ضرورت ہے، اس حوالے سے سید رئیسی بھی اتفاق کرتے تھے کہ دنیا کو ایک حیات نو کی ضرورت ہو، جس میں اسلامی و انسانی اقدار کا بول بالا ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب غزہ سے انسانی قتال، بچوں کو مارنے، انکے اپاہج ہونے کی تصاویر آئیں، میں روتا تھا، وہ تصاویر دیکھیں نہیں جاتیں، لیکن مجال ہے کہ مغربی حکومتوں پر انکا اثر ہو۔ سابق صدر مملکت نے نے کہا کہ دنیا کا میڈیا یرغمال ہے، نیویارک ٹائمز آپ دیکھیں تو لگتا ہے کہ غزہ میں کچھ ہوا ہی نہیں، صرف یوکرین میں ہی بچے مر رہے ہیں، سچائی کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا کے ذریعے سب تک سچائی پہنچ جاتی ہے۔

آیت اللہ احمد نحوی نے خطاب میں کہا کہ شہید سید ابراہیم رئیسی تقویٰ و اخلاص و حلم کی چوٹی پر پہنچے ہوئے شخص تھے، آپ ولایت مدار شخص تھے، شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے انقلاب اسلامی کیلئے خود کو فدا کر دیا، اپنے خون سے انقلاب کو سیراب کر دیا، آپ امید امت تھے لیکن آپ کے خون کی وجہ سے اسلام کو اور برکتیں نصیب ہونگی۔ دیگر مقررین نے بھی حضرت امام خمینیؒ، ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی شخصیت کے مختلف زاویوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مسئلہ فلسطین و عالم اسلام کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہا۔ کانفرنس میں گروہ سرود صبح ظہور نے تواشیح پیش کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button