غزہ پر تازہ صیہونی بمباری میں مزید 4 اسرائیلی قیدی ہلاک
شیعہ نیوز: غاصب اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگاری نے گذشتہ شام اعلان کیا ہے کہ خان یونس میں "اسرائیلی فوجی سرگرمیوں” کے نتیجے میں حماس کی قید میں موجود اس کے مزید 4 قیدی مارے گئے ہیں۔ غاصب صیہونی فوج کے مطابق تازہ ہلاک ہونے والے ان 4 قیدیوں کے نام حاییم پیری (79 سال)، ناداو پاپلول (51 سال)، یورام میٹزگر (80 سال) اور امیرام کوپر (85 سال) ہیں۔ اس بارے فلسطینی مزاحمتی فورس کتائب عزالدین القسام بریگیڈ نے بار ہا اعلان کیا ہے کہ قابض صیہونی فوج کو غزہ میں اپنے قیدیوں کی جان کی کوئی پرواہ نہیں اور یہی وجہ ہے کہ غزہ کے خلاف اس غیرقانونی رژیم کے اب تک کے انسانیت سوز حملوں میں درجنوں اسرائیلی قیدی ہلاک ہو چکے ہیں۔
ان 4 قیدیوں کی ہلاکت کے اعلان کے بعد تل ابیب کے ہزاروں غیرقانونی یہودی آبادکار گذشتہ شب سے لے کر آج صبح تک اسرائیلی وزارت جنگ کے دفتر سامنے جمع ہو کر احتجاج کرتے رہے جس کے دوران انہوں نے غزہ میں قید اسرائیلی قیدیوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کو صہپونی قیدیوں کی کوئی پرواہ نہیں! اس بارے اسرائیل آرمی ریڈیو کا کہنا ہے کہ ہزاروں صیہونیوں نے وزارت جنگ کی عمارت کے سامنے جمع ہو کر بیگن اسٹریٹ بلاک کر دی اور گاڑیوں کو گزرنے سے روک دیا۔ عبرانی ای مجلے واللا کے مطابق اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے یہ نعرے بھی لگائے گئے؛ "ہم سب غیر ذمہ دار رژیم کے ہاتھوں یرغمال ہیں” اور "اب معاہدے کا وقت آگیا ہے۔