مشرق وسطی

حزب اللہ کے فضائی دفاعی نظام کے سامنے اسرائیلی بے بس

شیعہ نیوز: حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ بروز بدھ 12 جون 2024ء اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم کا ایک جنگی طیارہ لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اندر گھس آیا جس کے جواب میں حزب اللہ لبنان کی فضائی دفاعی یونٹ نے اس کی جانب زمین سے فضا میں مار کرنے والا ایک میزائل داغ دیا۔ اسرائیلی جنگی طیارہ خطرہ محسوس کرتے ہی فوراً لبنان کی فضائی حدود سے نکل کر مقبوضہ فلسطین واپس بھاگ گیا۔ حزب اللہ لبنان کی جانب سے جاری کردہ ایک اور بیانئے میں کہا گیا ہے کہ اس تنظیم نے مقبوضہ فلسطین کے اندر غاصب صیہونی رژیم کے چند فوجی ٹھکانوں کو مناسب ہتھیاروں سے نشانہ بنا کر دشمن کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ بیانئے میں آیا ہے: "غزہ کی پٹی میں فلسطین کی شجاع قوم کی حمایت جاری رکھتے ہوئے نیز جویا قصبے میں غاصب صیہونی رژیم کے دہشت گردانہ اقدام کے جواب میں کاروائی کرتے ہوئے حزب اللہ کے مجاہدین نے چند خودکش ڈرون طیاروں کے ذریعے حیوشیت چھاونی (بریگیڈ 810 حرمون سے وابستہ کمپنی کا ہیڈکوارٹر) کو نشانہ بنایا ہے۔”

حزب اللہ لبنان کے مطابق یہ خودکش ڈرون طیارے ٹھیک اپنے نشانے پر لگے اور مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔ غاصب صیہونی فوج کے ریڈیو چینل نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ  حزب اللہ لبنان نے مقبوضہ فلسطین کی جانب 215 میزائل داغے ہیں۔ صیہونی اخبار یدیعوت آحارنوٹ نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا کہ حزب اللہ لبنان کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کے نتیجے میں مقبوضہ فلسطین کے 30 ہزار میٹر مربع رقبے پر آگ لگ گئی ہے۔ صیہونی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے شمالی حصے میں حزب اللہ لبنان کے میزائل حملوں سے لگنے والی آگ نے صیہونی بستیوں اور اس خطے میں موجود اسٹریٹجک تنصیبات کو شدید خطرے سے روبرو کر دیا ہے۔ اسی طرح مختلف ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے علاقے "صفد” میں فضائی دفاعی نظام فعال ہوا اور اس علاقے میں آگ لگ گئی۔ صیہونی فوج نے بھی مقبوضہ فلسطین کے علاقے جبل الشیخ میں حزب اللہ لبنان کے میزائل حملوں کے نتیجے میں آگ لگ جانے کی اطلاع دی ہے۔

حزب اللہ لبنان نے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں کو بڑی تعداد میں میزائل حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔ مختلف ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ میزائل حملہ 2006ء میں حزب اللہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ سے لے کر آج تک سب سے بڑا حملہ ہے۔ حزب اللہ لبنان نے ان میزائل حملوں میں مقبوضہ فلسطین کو 50 کلومیٹر اندر تک نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق حزب اللہ لبنان کا یہ حملہ صبح 12 بج کر 30 منٹ پر آغاز ہوا اور 215 میزائل فائر کئے گئے جن کے نتیجے میں مقبوضہ فلسطین کی 32 صیہونی بستیوں میں خطے کی گھنٹیاں سنی گئی ہیں۔ حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ یہ حملہ جنوبی لبنان میں اس کے چار مجاہدین کی شہادت کے بدلے میں انجام پایا ہے۔ یاد رہے گذشتہ رات اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبے جوفیا پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک اعلی سطحی کمانڈر سمیت حزب اللہ لبنان کے چار مجاہدین شہید ہو گئے تھے۔ حزب اللہ لبنان کی جانب سے میزائل حملے میں مقبوضہ فلسطین کے علاقوں الجلیل علیا، صفد، طبریا، روش بینا اور چند دیگر یہودی بستیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button