حزب اللہ کا اسرائیل کو مزید شدت سے جواب دینے کا اعلان
شیعہ نیوز: لبنان کی مقاومتی تحریک "حزب الله” کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ "سید هاشم صفی الدین” نے کہا کہ صیہونی دشمن اپنی حماقتیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس نے گزشتہ تجربوں سے عبرت نہیں لی۔ دشمن سوچتا ہے کہ ہمارے کمانڈروں کی ٹارگٹ کلنگ کر کے ہمیں کمزور کر دے گا۔ سید ہاشم صفی الدین نے ان خیالات کا اظہار حزب الله کے کمانڈر شهید "طالب عبد الله” کے سفر آخرت کے دوران کیا۔ انہوں نے اس عظیم شہید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ 2006ء میں ہونے والی 33 روزہ جنگ کے ہیرو تھے اس لئے یہ فطری بات تھی کہ وہ ہمیشہ دشمن کے نشانے پر تھے۔ انہوں نے اس امر کی وضاحت کی کہ اگر دشمن اس طرح ٹارگٹ کلنگ کر کے ہمیں غزہ کی حمایت سے پیچھے ہٹنے کا پیغام دینا چاہتا ہے تو جان لے کہ اس طرح کی حرکتوں پر کیفیت اور مقدار کے حساب سے ہمارے جواب میں شدت آئے گی۔ سید ہاشم صفی الدین نے کہا کہ شمالی مقبوضہ فلسطین میں نازل ہونے والی آفتوں پر صیہونی دشمن چیخنے چلانے میں مشغول ہے اب اُسے رونے اور گریہ و زاری کے لئے بھی تیار رہنا چاہئے۔