اہم پاکستانی خبریں

عدلیہ میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت زیادہ ہے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

شیعہ نیوز: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد نے کہا ہے کہ عدلیہ میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت زیادہ ہے، اس میں ادارے ملوث ہیں، جن کا نام لینا مناسب نہیں، عدلیہ جدوجہد کررہی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کا جلد خاتمہ ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے چیف جسٹس بنتے ہی فل کورٹ میٹنگ بلائی اور اس میں فیصلہ کیا کہ ہڑتال کلچر برداشت نہیں ہوگا، 13 مئی کو پنجاب کی عدلیہ کو سرکلر جاری کیا اور بتایا کہ ہڑتال کی کسی کال کو نہیں مانیں گے، ہڑتال کی کال ہو یا نہیں کام قانون کے مطابق کریں، جس کے بعد پنجاب کے تمام وکلاء نے ہڑتال اور تالا بندی کے کلچر کو دفن کردیا، وکلاء کا یہ کام نہیں کہ عدالت کو تالا لگائیں، کچھ سیاسی عناصر ہوتے ہیں، ان سے درخواست ہے آپ لوگ وکالت چھوڑ دیں، ہمیں کرنے دیں، ہم آپ کو بھرتی کرلیں گے، شام کو تالا لگا لیجیے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے 90 فیصد وکلا اچھے لوگ ہیں، صوبہ پنجاب میں دو لاکھ سے زائد کیسز دائر ہوئے اور فیصلہ تین لاکھ سے زائد کیسز کا فیصلہ ہوا، جس کے سبب زیر التواء مقدمات میں واضح کمی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت زیادہ ہے اور مولوی تمیز الدین کیس سے یہ سلسلہ شروع ہوا، اس میں ادارے ملوث ہیں، جن کا نام لینا مناسب نہیں، تاہم اس وقت عدلیہ بغیر دباؤ کے اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے، ایک ڈسٹرکٹ جج نے اس مداخلت کا خط لکھا کہ میں ڈرتا نہیں اس جج نے کہا انصاف کروں گا، کسی سے ناانصافی نہیں کروں گا، جج کے ان الفاظ سے میرا خون ڈیڑھ کلو بڑھ گیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ ایسی بہت شکایات ہمارے پاس آئی ہیں، ایک بار ڈسٹرکٹ جج نے کہا وہ ڈرتے نہیں صرف آگاہ کر رہے ہیں، آسمان والے کی آپ کو رہنمائی ملے گی، آپ بلیک میلنگ کا شکار نہ ہوں، کوئی جج کسی بلیک میلنگ میں نہ آئے، اسٹیبلشمنٹ کی عدلیہ میں مداخلت کا جلد خاتمہ ہونیوالا ہے، یہ میرے ایمان کا حصہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button