امیر جماعت اسلامی کا قومی تحریک مزاحمت شروع کرنے کا اعلان
شیعہ نیوز: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کیلئے قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کر دیا ہے اور آج مہنگی بجلی، طویل لوڈ شیڈنگ، عوام دشمن بجٹ کیخلاف ملک گیر مظاہرے کئے گئے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قوم مایوس ہونے کے بجائے ظالم اشرافیہ سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے، پنجاب میں دفعہ 144 انگریزوں کا عطا کردہ قانون ہے، لیکن حق کیلئے آواز کو نہیں دبایا جا سکتا، حکمرانوں نے جو کرنا ہے کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بلوں کی صورت میں بجلی بموں نے عوام کی زندگی عذاب کر دی ہے، شہباز شریف عرصہ دراز سے لوڈشیڈنگ خاتمے کے جعلی اعلانات کر رہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کی بجٹ پر نوراکشتی جاری ہے، روٹھنے منانے کی ڈرامہ بازیوں کو عوام خوب سمجھتے ہیں۔
دوسری جانب جماعت اسلامی پی پی 169 کے تحت مہنگی بجلی، بجلی کے بلوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھ والے پنکھے احتجاجی طور پر تھام کر حکومت مخالف شدید نعرے بازی کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور احمد سلمان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2800 ارب روپے بجلی کے بلوں میں ڈال دیتے ہیں جو بجلی استعمال نہیں ہوتی ہے اور آئی پی پیز والے حکومت کے داماد بن چکے ہیں کچھ کریں یا نا کریں آو بھگت پوری ہوتی ہے۔ احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی مل کر عوام کی درگت بنا رہے ہیں، عوام متحد ہو کر فیصلہ کر لیں کہ ان کی چکنی چپڑی باتوں میں نہیں آنا ہے۔ شہباز شریف وزیراعلیٰ تھے اور لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، مینار پاکستان ہاتھ والا پنکھا تھامے نظر آتے تھے، عید پر 12، 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوئی کسی کو کچھ نہیں ہوا، عوام گرمی میں بے حال ہوگئے۔