پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں
جی بی بجٹ میں واردات کی گئی، عوام تیار رہیں، ایم ڈبلیو ایم کا تحریک چلانے کا اعلان
شیعہ نیوز: گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد کاظم میثم نے کہاہے کہ بجٹ میں بڑی واردات کی گئی ہے اور بلتستان ریجن کے ہیڈ کوارٹر سکردو کو دیوار سے لگایا گیا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے عوام سراپا احتجاج بن گئے ہیں، بجٹ کو پیپلز پارٹی کے لوگ بھی دل سے تسلیم نہیں کر رہے ہیں، عوام تیار رہیں ان کا بڑا امتحان لیا جا رہا ہے، حکومت کی جانب سے ایسی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے کہ جس کے تحت بلتستان سے آئندہ کوئی جج بھرتی نہیں ہوگا، بلتستان کے ساتھ بڑی زیادتیاں کی جا رہی ہیں، ان ناانصافیوں کے خلاف میدان جلد سجے گا، اب کی بار موومنٹ کو ہم خود لیڈ کریں گے۔
پریس کلب سکردو میں پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنماں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلتستان کے ساتھ الگ ٹریٹ کیا جا رہا ہے۔ تانگیر میرا اپنا علاقہ ہے، وزیر اعلیٰ بے شک اس علاقے میں سڑکوں کی میٹلنگ اور ری کارپیٹنگ کیلئے ایک ارب روپے نہیں تین ارب روپے رکھیں مگر بلتستان کے ساتھ واردات تو نہ کریں، ورنہ تاریخ یاد رکھے گی کہ تانگیر کے وزیر اعلی نے بلتستان ریجن کے ساتھ اتنی بڑی زیادتی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا جا رہا ہے، دس کروڑ روپے لئے جائیں یہ کونسا انصاف ہے کہ وزیراعلی خود ایک ارب روپے بجٹ لیں اور ہم سے کہا جا رہا ہے کہ دس کروڑ لے لیں، یہ کہاں کی منطق اور انصاف ہے؟جب ہم احتجاج کرتے ہیں تو فرقہ واریت، علاقائیت کا رنگ دیا جاتا ہے، ہر جگہ پر شکایت کی گئی دروازہ کھٹکھٹایا مگر ہر طرف سے مایوسی ہوئی جس کی وجہ سے پریس کانفرنس کرنا پڑ رہی ہے۔