پنجاب حکومت نے ثابت کیا کہ وہ چھوٹی پارٹی کے چھوٹے لوگ ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے اراکین پنجاب اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ انہوں نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کی اور وفاقی و صوبائی حکومت کے عوام دشمن بجٹ پر، عزم استحکام آپریشن اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ جو لوگ فروری میں اقتدار سنبھالنے سے بھاگ رہے تھے، اب نظام مملکت چلانے میں بھی دلچسپی کا اظہار نہیں کر رہے۔ ملک میں معاشی استحکام تب ہی آئے گا، جب عمران خان سمیت سیاسی اسیران کیخلاف انتقامی کارروائیاں ختم ہوں گی۔ باوجود اِس کے کہ طاقتور حلقے یہ حقیقت بخوبی سمجھتے ہیں، مگر پھر بھی ملک کو بدستور عدم استحکام کا شکار ہوتا دیکھا جا رہا ہے۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ یہ حکومت ایک فضلہ ہے، جو اپنے اخراجات میں اضافہ کر رہی ہے، اپنی عیاشیوں کیلئے عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں، عوام مہنگائی سے چیخ رہے ہیں، جبکہ یہ اندھے ہونے کیساتھ ساتھ بہرے بھی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ڈال کر عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ پاور پولیٹکس کی کوکھ سے فرعون جنم لیتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں، جو بچوں کو بھی اپنے مفادات کیلئے قتل کر دیتے ہیں۔ تمام ظلم کے باوجود ہم سب اکٹھے کھڑے ہیں، حکومت نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے، یہ لوگ بے رحم ہیں، یہ اپنے ہی بوجھ تلے دب جائیں گے، یہ بونے لوگ کب تک بانی پی ٹی آئی کو دبا کر رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہونے کے باوجود تنہائی کا شکار ہے، یہ ان کی کارکردگی ہے۔ آج پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن سے عملہ واپس لے کر صوبائی حکومت نے بہت چھوٹے ہونے کا ثبوت دیا ہے، اس سے واضح ہوتا ہے کہ ان کو اپوزیشن کا احتجاج بھی گوارا نہیں، احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، اپوزیشن چیمبر کا اے سی بند کر دینا، عملے کو بلا لینا، یہ سب گھٹیا پن کی عکاسی ہے، سپیکر نے ثابت کیا کہ وہ چھوٹی پارٹی کے چھوٹی ذہنیت رکھنے والے فرد ہیں۔