خواتین کی مجالس عزاء میں سیکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں کو روکا جائے۔ مجالس عزاء کے دوران قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی معاونت کرنے والے رضاکاروں کی قدر کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام اور ایام عزاء کے سلسلے میں کمشنر لاڑکانہ کی زیر صدارت لاڑکانہ ڈویژن کے علمائے کرام، بانیان عزاء، ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور مختلف محکموں کے افسران کے اہم اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ لاڑکانہ ڈویژن کے مختلف شہروں میں ماضی میں دہشت گردی کے واقعات ہو چکے ہیں۔ جن میں 2015 کا سانحہ شب عاشور جیکب آباد ایک المناک سانحہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ جیکب آباد اور شکار پور کے سانحات میں بلوچستان سے آنے والے دہشت گرد اور مقامی سہولت کار شامل تھے۔ لہٰذا کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رضاکار اسکاؤٹس اور گرلز گائیڈ ہر سطح پر مجالس عزاء اور جلوس کے انتظامات میں پولیس اور ریاستی اداروں کے ساتھ معاون ہوتے ہیں۔ اسکاؤٹس اور رضاکاروں کی قدر کرنی چاہئے اور خواتین کی مجالس عزاء میں سیکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا لاڑکانہ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں اغواء برائے تاوان کی مسلسل وارداتیں ہو رہی ہیں، جبکہ امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ واپڈا کو پابند کیا جائے کہ وہ ایام عزاء کو بجلی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم شکار پور کے ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار نے کہا کہ یوسیز کی صفائی اور لائیٹنگ پر خصوصی توجہ دی جائے اور کالعدم تنظیموں کے پرچم اتارے جائیں۔ شیعہ علماء اور اکابرین کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔