محکمہ داخلہ پنجاب نے عاشورہ کی تیاری اور انتظامات مکمل کر لئے
شیعہ نیوز: عاشورہ کی تیاری اور پُرامن انعقاد کیلئے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے مکمل تیاری کے تصدیقی سرٹیفکیٹ حاصل کر لیے ہیں۔ جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کرکے لائیو مانیٹرنگ روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔ صوبہ بھر کے کیمروں کی لائیو فیڈ محکمہ داخلہ کے سنٹرل کنٹرول روم سے منسلک کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں جلوس کے راستوں پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دورے مکمل ہو چکے ہیں۔ جبکہ تمام مجالس و جلوس کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی تعیناتی مکمل کر لی گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج اور رینجرز کے خصوصی دستوں کی تعیناتی، نقل و حمل اور قیام کا اہتمام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ صوبہ بھر میں جلوس کے راستوں سے تجاوزات اور ملبہ ہٹا دیا گیا ہے، پیچ ورک بھی مکمل ہے۔ صوبہ بھر میں ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 اور میڈیکل کیمپ لگ گئے ہیں جبکہ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی اور امن کمیٹی کے اجلاس بھی مکمل ہو گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ کے ڈیش بورڈ میں تمام مجالس و جلوس کی معلومات اپ لوڈ ہو رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق صوبہ بھر میں نیاز اور سبیل کا اہتمام بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔