مشرق وسطیہفتہ کی اہم خبریں

یمنی حوثی مجاہدین نے اسرائیل پر ڈرون حملہ کرکے صیہونیوں کی نیندیں حرام کردیں

انصاراللہ یمن کے اعلی سطحی رہنما حزام الاسد نے آج بروز جمعہ 19 جولائی 2024ء کے دن تل ابیب پر خودکش ڈرون حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے خلاف ہماری مزاحمتی کاروائیاں نئے اسٹریٹجک مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں

شیعہ نیوز : العالم نیوز چینل کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع  نے اعلان کیا ہے کہ انصاراللہ یمن نے غزہ جنگ کے بعد پہلی بار غاصب صیہونی رژیم کے مرکز تل ابیب کو خودکش ڈرون طیارے سے نشانہ بنایا ہے جو اپنے ہدف کو تباہ کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ یحیی سریع نے کہا: "خداوند متعال کی مدد سے ہم نے ایک خصوصی فوجی آپریشن انجام دیا ہے جس میں مقبوضہ علاقے یافا (جسے اسرائیلی تل ابیب کہتے ہیں) کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملہ ایک نئے خودکش ڈرون طیارے "یافا” کے ذریعے انجام پایا ہے جو ریڈار سے بچنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس نے کامیابی سے مطلوبہ ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔” یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے مزید کہا: "ہم تل ابیب کو بدامنی والا علاقہ قرار دیتے ہیں اور آئندہ کاروائیوں میں اسے مزید نشانہ بنائیں گے۔ ہم عنقریب مقبوضہ فلسطین کے مرکزی علاقوں کو مزید فوجی کاروائیوں کا نشانہ بنائیں گے۔” یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ صیہونی دشمن کی اہم فوجی اور سکیورٹی تنصیبات کو غزہ میں فلسطینیوں کے آئے دن قتل عام کے بدلے میں نشانہ بنا رہے ہیں۔ صیہونی ذرائع ابلاغ نے اس حملے کی تصدیق کی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر اس حملے کی ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسقط میں امام بارگاہ پر حملے میں شہید 4 پاکستانی عزاداروں کے جسدخاکی وطن پہنچ گئے

انصاراللہ یمن کے اعلی سطحی رہنما حزام الاسد نے آج بروز جمعہ 19 جولائی 2024ء کے دن تل ابیب پر خودکش ڈرون حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے خلاف ہماری مزاحمتی کاروائیاں نئے اسٹریٹجک مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا: "ہم صیہونی دشمن کے خلاف فوجی کاروائیوں کے ایک نئے اسٹریٹجک مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور آج کے بعد صیہونی دشمن تمام تر مقبوضہ علاقوں میں عدم تحفظ کا احساس کرے گا۔” انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کے خلاف فوجی کاروائیوں میں ہم اسلامی مزاحمت کے دیگر محاذوں جیسے لبنان، عراق اور فلسطین سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں۔ حزام الاسد نے مزید کہا: "جب تک غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت جاری ہے ہم صیہونی دشمن کو اس سے بھی بڑے سرپرائز دیتے رہیں گے۔” صیہونی فوج نے تل ابیب پر حوثی مجاہدین کے ڈرون حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حملہ ور ڈرون طیارے کی شناخت کرنے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے "انسانی غلطی” کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ مختلف ذرائع نے تل ابیب میں عظیم دھماکے کی آواز سنے جانے کی اطلاع دی ہے۔ اسی طرح یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ دھماکہ بن یہودا روڈ پر ہوا جہاں امریکی سفارتخانے سمیت دیگر سفارتی عمارتیں بھی موجود ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button